Sunday May 19, 2024

چھ دہائیوں تک پاکستان میں خدمات سرانجام دینے والا غیر ملکی پاکستان میں کورونا کے سبب انتقال کرگیا

لاہور: اٹلی میں پیداہونے والے ڈومینیکن پادری ایلڈینو اماتو 6دہائیوں تک پاکستان میں خدمات سرانجام دینے کے بعد گزشتہ دنوں لاہور کے اتفاق ہسپتال میں کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ایڈینو اماتو ڈویلپمنٹ پائنیئر اور ماہرتعلیم تھے۔ وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے گزشتہ 10دن سے وینٹی لیٹر پر تھے تاہم یکم مئی کو وہ اس موذی وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔ ایلڈینو اماتو کی عمر 90سال تھی۔ وہ فیصل آباد ڈائیوسیس کے آخری غیرملکی مشنری تھے۔ انہوں نے ضلع اوکاڑہ کے گاﺅں چک نمبر 6میں اپنے لیے خود قبر تیار کر رکھی تھی اور وصیت کر رکھی تھی کہ انہیں اسی قبر میں دفن کیا جائے۔

چنانچہ یکم مئی کو ان کے انتقال کے بعد ان کی وصیت پر عمل کرتے ہوئے انہیں 6چک میں واقع اسی قبر میں دفن کر دیا گیا۔ ان کے جنازے کو کندھا دینے کی اجازت صرف ڈومینیکن پادریوں کو دی گئی تھی۔ تاہم ان کی آخری رسومات میں دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی، جن میں فیصل آباد کے بشپ انڈریاز رحمت بھی شامل تھے۔ایلڈینو اماتو 1962ءمیں پاکستان آئے تھے۔ انہوں نے یہاں 6چرچ، 3سکول اور ہاسٹلز، نابینا لوگوں کے لیے 2ٹریننگ سنٹرز، 2ہاﺅسنگ کالونیاں اور ایک ویمنز کالج قائم کیا۔

FOLLOW US