Sunday May 19, 2024

سعودی عرب میں پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)بلال اکبر نے سفارتی عملے کو اہم ہدایات جاری کردیں

ریاض: سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) بلال اکبر نے کمیونٹی کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں سفارت خانے کے عملے کو کمیونٹی ممبران سے شائستگی سے پیش آ نے کی ہدایت کی گئی ہے۔سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اپنے پیغام میں بلال اکبر نے کہا ہے کہ بطور سفیر سب سے اہم اور بنیادی مقصد اور ترجیح تمام تارکین کے مسائل کا حل ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خاص لیبر طبقہ جس سے وابستہ افراد کو سفارت خانے تک پہنچنے میں مشکلات پیش آتی ہیں یا کسی وجہ سے ان کی آواز ہم تک نہیں پہنچ پاتی، ان کے مسائل کو جاننا اور ان کے مسائل حل کرنا میرے لیے سب سے اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانے میں ایک جدید نظام نافذ کرنے جا رہے ہیں جس کے تحت کمیونٹی ممبران اپنی شکایات موثر انداز میں پہنچا سکیں گے۔ ڈیجیٹل اور جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل اس نئے نظام کو ایک مکمل پلیٹ فارم کی شکل دے رہے ہیں۔ موبائل ایپ، واٹس ایپ، ای میل، ہیلپ لائن سمیت اس میں دیگر خصوصیات شامل ہوں گی۔ کھلی کچہری کا انعقاد ہو گا جبکہ سفیر براہ راست کالز بھی سنیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ سفارت خانے کے عملے کو کمیونٹی ممبران سے شائستگی سے پیش آنے کے لیے بھی خصوصی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔سفیر پاکستان نے کمیونٹی سے بھی گزارش کی کہ وہ سعودی قوانین کو سمجھیں اور ان قوانین کی عملداری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کا ہر شخص سعودی عرب میں پاکستان کا نمائندہ ہے اور اس لحاظ سے آپ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے ملک کے وقار اور عزت کے لیے مقامی قوانین کی پاسداری کریں۔سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کے مسائل سعودی قوانین کے اندر ہی رہ کر حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سفارت خانہ مسائل کے حل کے لیے تندہی سے کام کرے گا اور تمام شکایات کا بروقتت ازالہ کیا جائے گا۔

FOLLOW US