لاہور: فردوس عاشق اعوان کی بیوروکریسی کو ایک مرتبہ پھر وارننگ۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اب گھوڑے اور گدھے ایک ہی اصطبل میں نہیں باندھے جائیں گے، جہاں غیرقانونی کام ہو گا وہاں ڈنڈا ضرور چلے گا۔ لاہور میں برکت مارکیٹ گارڈن ٹائون میں قائم رمضان بازار کے دورہ کے موقع پر ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران اشیاء ضروریہ کی طلب و رسد قیمتوں اور معیار کی مانیٹرنگ کے لیے 1201 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے رمضان بازار میں صفائی اور دیگر انتظامات پرضلعی انتظامیہ اور منتظمین کوشاباش دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ گاڑی کے دو پہیے ہیں۔حکومتی کوششیں اس وقت تک رنگ نہیں لاسکتیں جب تک بیوروکریسی ان پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بناتی۔ انہوں نے کہاکہ چینی کی سپلائی کو بڑھانے کے حوالے سے تجویز پر غور کیاجائے گا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ چینی کے کائونٹروںکو بڑھا دے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ جب تک مانیٹرنگ سسٹم رہے گا صورتحال بہترہوگی۔ جس معاشرے میں جزا سزا نہیں ملتی وہ طاقتور کے ہاتھوں یرغمال بن جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی خاتون رہنما کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں رمضان بازاروں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں ، کوالٹی اور شہریوں کو فراہم سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ نے تمام کابینہ کے ارکان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں رمضان بازاروں کا دورہ کریںاور جو سبسڈی عوام کے ٹیکس کے پیسے سے ان کو دی جا رہی ہے اس کی ڈیلیوری کو یقینی بنائیں۔