Friday May 3, 2024

لاک ڈاؤن کارگر ثابت۔۔ لاہور میں کیسز کی شرح30 فیصد سے کم ہوکر18 فیصد پر آگئی

لاہور :صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہفتہ اور اتوار کو کیے گئے مکمل لاک ڈاؤن کا اثر ہونے لگا ، شہر میں کیسز کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ افطاری کے بعد سحری تک سب کچھ بند کرنے کا بہت بڑا فائدہ ہوا ہے جب کہ لاہور میں ہمارا لاک ڈاؤن سب سے مؤثر رہا ہے اور لاہور میں کیسز کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد پر آگئی ہے ، جتنے مریض آ رہے ہیں اتنے صحت مند ہو کر جا رہے ہیں ، آکسیجن کی طلب کا اس وقت کوئی مسئلہ نہیں ہے، کابینہ کمیٹی نے اجازت دی ہے کہ ہسپتالوں میں آکسیجن جنریٹر لگا سکتے ہیں ،

اگر سختی سے ایس او پیز پر عمل کریں تو مزید بہتری آسکتی ہے ، عید پر کوشش ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل ہو، عوام کی زندگی ہمارے لیے اہم ہے ، یہ کونسا وقت ہے کہ عید کی خوشیاں منائیں، عید سادگی سے منائیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وہ ہمیں اس صورتحال سے جلد از جلد نکالے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 7 نئے ویکسینیشن سینٹرز کا اضافہ کر رہے ہیں، لاہور میں تین نئے ویکسینیشن سینٹر بنا رہے ہیں، ویکسین کی 3 کروڑ ڈوزز کا آرڈر ہو چکا ہے ، وہ ساتھ ساتھ ملتی رہیں گی ، ہم نے جو ویکسین منگوائی ہیں تمام مؤثر ہیں ، صوبے میں گزشتہ ہفتے اوسطاً 55000 ہزار ویکسین روزانہ کی بنیاد پر لگائی گئیں، ہمیں اس مہینے میں 20 لاکھ مزید ویکسین مل جائے گی ، موجودہ چائینیز ویکسین دنیا میں سب زیادہ سے کامیاب ہے۔ وزیر صحت پنجاب کے مطابق 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی بھی واک ان ویکسینیشن شروع کر دی ہے، تحمل مزاجی بھی ہونی چاہیے، لوگ ناراض ہوتے ہیں ، انتظار نہیں کرتے ، صبح کے وقت جب رش ہوتا ہے تو لوگ ناراضی کا اظہار کرنے لگتے ہیں، ہم تو کسی بھی قسم کا وی آئی پی کلچر پروموٹ نہیں کر رہے، پرائیویٹ سیکٹر میں ویکسین پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے ، ہم چین کی حکومت کے بہت شکر گزار ہیں، ہمیں تین کروڑ ویکسین کی کمٹمنٹ آ گئی ہے، آپ ہمسایہ ملک دیکھیں اور پاکستان کا حال دیکھیں، ہمیں روزانہ شکرانے کے نفل پڑھنے چاہئیں، اللہ تعالیٰ کی بڑی رحمت ہے کہ مریضوں کی تعداد سنبھلی ہوئی ہے۔

FOLLOW US