Tuesday May 14, 2024

اگر اگر کام میں رکاوٹ ڈالی گئی تو پھر عمران خان اسمبلیاں توڑ دیں گے: وفاقی وزیر اسد عمر

لاہور : وزیراعظم اسمبلیاں توڑ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے ملکی سیاست میں ہلچل مچا دینے والا بیان جاری کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے عندیہ دیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اسمبلیاں توڑ سکتے ہیں۔ اسد عمر نے واضح کیا ہے کہ اگر اگر کام میں رکاوٹ ڈالی گئی تو پھر عمران خان اسمبلیاں توڑ دیں گے۔ وفاقی وزیر کے اس بیان پر سینئر صحافی و تجزیہ کاری سلیم بخاری کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مختلف حلقوں میں یہ بات پہلی ہی کی جا رہی ہے کہ وزیراعظم اسمبلیاں توڑ سکتے ہیں، تاہم اب پہلی مرتبہ حکومتی صفوں سے بھی یہ بات کر دی گئی ہے۔

سلیم بخاری کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ پیغام مقتدر حلقوں کو دیا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر انہیں ہٹانے کی کوشش کی گئی تو پھر وہ جاتے جاتے اسمبلیاں بھی توڑ جائیں گے۔
اسمبلیاں ٹوٹ گئیں تو پھر نئے انتخابات کروانا پڑیں گے۔ نئے انتخابات ہوئے تو پنجاب میں مسلم لیگ ن کلین سوئپ کر جائے گی۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آئندہ الیکشن میں نظریاتی کارکنوں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عمران خان نے جہانگیرترین ہم خیال گروپ کی سوچ اور سیاست کو دیکھ کر اپنے ماضی کے فیصلوں کو غلط قرار دیا ہے۔ وزیراعظم کی رائے میں آئندہ الیکشن میں الیکٹیبلز کو ٹکٹ نہیں دیا جائے گا، پچھلے الیکشن میں الیکٹیبلزکو ٹکٹ نہ دیے جاتے تو آج اس قدر مسائل درپیش نہ ہوتے۔ وزیراعظم عمران خان نے آج گلگت بلتستان میں تقریر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ماضی میں ٹکٹس دینے میں بڑی بڑی غلطیاں کیں، اکثر خیال آتا ہے کسے وزارت دینی چاہیے تھی اور کسے ٹکٹس دینے چاہیے تھے۔ کچھ لوگ اپنی ذات کوفائدہ پہنچانے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں، ملک سے پیسہ باہر لے جانے والے ملک کے سب سے بڑے غدار اور مجرم ہیں، نیب 20 سال سے قائم ہے، صرف اب اس نے بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا ہے، ایک ڈیموکریٹ ہوں، کبھی کسی ڈکٹیٹرکی حمایت نہیں کرسکتا، ہر جگہ سے پیسوں کا مطالبہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب اس بارے میں اکثر سوچتا ہوں لیکن اللہ کا شکر ہے کہ خالد خورشید کو آپ کا وزیر اعلیٰ بنانے کا میرا فیصلہ بالکل درست تھا۔ دنیا میں 3 طرح کے لوگ سیاست میں آتے ہیں ان میں سے ایک اپنی ذات کو فائدہ پہنچانے کے لیے آتے ہیں، ہمارے یہاں سیاست میں اخلاقیات اتنی گر گئی ہیں کہ اسے کرپشن سمجھا نہیں جاتا، یہ لوگ عوام کا پیسہ چوری کرتے ہیں اور باہر لے جاتے ہیں اور ملک کو بہت زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں کیونکہ ان ہی کی وجہ سے عوام غریب ہوتی ہے۔

FOLLOW US