Saturday May 18, 2024

عوام کے لیے خوشخبری ، بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد : مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کی قیمت میں مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کی سماعت ہوئی جس کے بعد بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 63 سے 68 پیسے کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ نیپرا میں مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کےتحت فی یونٹ بجلی 61 پیسےسستی کرنے کی درخواست پرسماعت ہوئی ، سماعت چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کی۔ نیپرا کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں میں 61 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔ اتھارٹی کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ مارچ میں8ارب61کروڑیونٹ بجلی تقسیم کارکمپنیوں کوفراہم کی گئی، مارچ میں فی یونٹ بجلی پرفیول لاگت کا تخمینہ 6 روپے 22 پیسے تھا تاہم مارچ میں فی یونٹ بجلی پیداوارپرلاگت 5 روپے61 پیسے رہی۔

تاہم اتھارٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو سننے کے بعد 63 پیسے سے لے کر 68 پیسے فی یونٹ کمی کا عندیہ دے دیا ہے اور اتھارٹی تمام ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے کہا کہ مارچ میں پانی سے 19.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مارچ میں کوئلے سے 30.50 فیصد، فرنس آئل سے 2.62 فیصد، مقامی گیس سے 11.56 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 21.11 فیصد، ایٹمی ذرائع سے 10.49 فیصد بجلی پیدا کی گئی، ایٹمی ذرائع سے پیدا بجلی کی قیمت 1روپیہ 2 پیسے فی یونٹ رہی۔ چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا فرنس آئل کااستعمال کیوں کیا گیا اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی پیداوارمیں گیس کا استعمال کیوں کم رہا، جس پر نیشنل پاورکنٹرول سینٹر نے بتایا کہ تکنیکی مسائل درپیش تھے پلانٹ کو ایل این جی کی کمی آگئی تھی۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد چیئر مین نیپرا نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 62 سے68 پیسے فی یونٹ کمی ہو سکتی ہے تاہم اس حوالے سے نیپرا فیصلہ بعد میں جاری کرے گی

FOLLOW US