Thursday May 16, 2024

نواز شریف کو خلاف قانون برطانیہ میں قیام کی اجازت دی گئی، برطانوی حکومت کا اعتراف

لاہور : نواز شریف کو خلاف قانون برطانیہ میں قیام کی اجازت دی گئی، برطانوی حکومت کا اعتراف۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی چوہدری غلام حسین کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانوی حکومت نے نواز شریف کو غیر قانونی طور پر برطانیہ میں قیام کی اجازت دینے کا اعتراف کیا ہے۔ چوہدری غلام حسین کے مطابق برطانوی قوانین کے تحت نواز شریف کو برطانیہ میں قیام کی اجازت نہیں مل سکتی تھی، لیکن پھر بھی قائد ن لیگ لندن میں ہی موجود ہیں۔ سینئر صحافی کے مطابق حکومتوں کے اپنا مفادات ہوتے ہیں اسی لیے نواز شریف کے علاوہ ایک اور شخصیت کو برطانیہ میں مقامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قیام کی اجازت دی گئی۔

اس حوالے سے سینئر صحافی صابر شاکر کی جانب بتایا گیا ہے کہ برطانیہ نے نواز شریف کو پاکستان واپس بھیجنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ سینئر صحافی کے مطابق گزشتہ دنوں وزیر داخلہ شیخ رشید کی برطانوی ہائی کمشنر سے ہوئی اہم ملاقات میں ن لیگ کے قائد کو ڈی پورٹ کرنے کے مطالبے پر مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ برطانیہ نے نواز شریف کو پاکستان واپس بھیجنے سے انکار کیا ہے۔ سینئر صحافی کا بتانا ہے کہ اس حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی تصدیق کی ہے کہ برطانیہ نے نواز شریف کو ڈی پورٹ کر کے پاکستان واپس بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق اب پاکستان اور برطانیہ دونوں کے درمیان حکومتی سطح پر بات چیت ہو گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے برطانیہ کے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں پاکستان برطانیہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان وطن واپسی اور مجرمان کی حوالگی سے متعلق معاہدوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گا۔ ملاقات میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ممکنہ پاکستان واپسی پر بھی بات چیت کی گئی، مجرمان کی حوالگی اور وطن واپسی کے معاہدوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

FOLLOW US