Sunday January 19, 2025

پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا دکاندار پر تشدد، ویڈیو وائرل تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا موبائل فون کے معاملے پر جھگڑا

کراچی: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کو رمضان کے مہینے کا بھی خیال نہ آیا، موبائل کے معاملے پر روزے دار دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے موبائل مارکیٹ کے دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ویڈیو وائرل ہو گئی۔رکن قومی اسمبلی اسلم خان کا جھگڑاہو گیا، اسلم خان نے اپنے سکیورٹی گارڈ اور ساتھیوں کے ہمراہ موبائل مارکیٹ کے دکانداروں سے مار پیٹ کی ۔ اسلم خان اپنے مسلح گارڈ اور ساتھیوں کے ہمراہ صدر عائشہ مارکیٹ باجوہ موبائل شاپ پر پہنچے ،بات چیت کے دوران اچانک ہاتھا پائی شروع ہوئی، جھگڑا ہوتے ہی گارڈ اور ساتھیوں نے دکانداروں پر تشدد شروع کردیا، اسلم خان کے ہمراہ آئے سیکورٹی گارڈ نے اپنی گن دکانداروں پر تان لی۔

فوٹیج میں اسلم خان کو تھپڑ مارتے دیکھا جاسکتا ہے، واقعہ افطار کے وقت صدر موبائل مارکیٹ میں پیش آیا ، تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کاکہناہے کہ جھگڑا موبائل فون کے معاملے پر ہوا۔
مارکیٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رکن اسمبلی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، اسلم خان نے تھپڑ مارا اور تشدد کیا پھر پولیس بھی خود ہی بلائی۔مارکیٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کس نے زیادتی کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رکن اسمبلی خان پریڈی تھانے پہنچے اور دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کرادیا، دوسری جانب موبائل مارکیٹ کے دکاندار بھی تھانے پہنچ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین کے بیانات قلمبند کیے جارہے ہیں، واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

FOLLOW US