Friday May 3, 2024

لاہور میں مثبت کیسز کی شرح19 فیصد تک پہنچ گئی پنجاب حکومت نے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کی وارننگ دے دی

لاہور: بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث پنجاب حکومت نے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کی وارننگ دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر سحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ لاہور میں مثبت کیسزکی شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی ہے جب کہ پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد ہے ، اگر لوگ احتیاط نہیں کریں گے تو پھر مکمل لاک ڈاوَن کرسکتے ہیں ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لاہور میں آج 3 ہزار 56 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے ، 24 گھنٹوں میں لاہور میں کورونا سے 28اموات ہوئیں ، اس وقت لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں 874 جبکہ نجی ہسپتالوں میں 400سے زائد کورونا کے مریض زیرعلاج ہیں ،

لاہور میں 30 نئے وینٹی لیٹرلگائے جا رہے ہیں جب کہ پبلک ہیلتھ سیکٹر میں 50 وینٹی لیٹر موجود ہیں ، پرائمری ہیلتھ کیئر نے کورونا مریضون کیلئے دو ہزار 310 بیڈز دیے ہیں ، پنجاب میں 200 وینٹی لیٹر بڑھائے گئے ہیں ۔ دوسری طرف پنجاب حکومت نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پاک فوج کی خدمات مانگ لی ہیں ، محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پاک فوج کی 5 کمپنیوں کی خدمات مانگی گئی ہیں تا کہ پاک فوج کے جوان ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر ایس او پیز پرعمل درآمد کروائیں ، پاک فوج طلب کرنے کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا ہے جہاں سے منظوری ہو چکی ہے، فوجی جوان لاہور، راولپنڈی گوجرانوالہ سمیت پانچ اضلاع میں تعینات ہوں گے، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے راولپنڈی میں پرہجوم مقامات پر بھی فوج تعینات کر دی گئی ہے ، فوجی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی عکسبندی کر رہے ہیں ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیمیں بھی فوج کے ساتھ ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے فوج کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گشت شروع کر دیا ہے ، اس دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے فوج کی مدد کے ساتھ ایکشن لیا جا رہا ہے۔

FOLLOW US