Friday May 3, 2024

اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داریاں سنبھال لیں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے علان کیے جانے کے بعد کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے فوج کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گشت شروع کر دیا ہے ، اس دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے فوج کی مدد کے ساتھ ایکشن لیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا کیسزمیں اضافہ ہورہاہے ، ہم نے احتیاط نہ کی تو 2ہفتوں میں ہمارے حالات بھارت جیسے ہوجائیں گے ، حالات قابو سے نکل گئے تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے ،

ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج سڑکوں پر نکلے گی ، میں نے فوج سے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ہماری فورسز کے ساتھ سڑکوں پر آئے ، ہم اب تک لوگوں کو ایس او پیز پر چلنے کا کہتے رہے ہیں لیکن لوگوں میں کوئی خوف نہیں اور کوئی احتیاط نہیں کررہے اس لیے فوج کو پولیس اور فورسز کی مدد کرنے کا کہا ہے ۔ این سی او سی اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن اس لیے نہیں کررہا کیوں کہ غریب مزدور طبقہ متاثر ہوگا ، لاک ڈاؤن کیاتو معیشت بیٹھ جائے گی ، اس لیے شہری کورونا ایس او پیزپر عمل کویقینی بنائیں ، ماسک لگانے سے آدھا مسئلہ حل ہوجاتاہے ، مجھے لوگ آج کہہ رہے ہیں لاک ڈاؤن کردو ، حالات قابو سے نکل گئے تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے ، بھارت میں کیسز کی وجہ سے آکسیجن کی کمی ہوگئی ہے ، بھارت جیسے حالات ہوگئے تو شہر بند کرنا پڑیں گے ، وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے بہترین حکمت عملی سے کورونا پر قابو پایا تھا ، ہماری مساجد میں ایس او پیز پر عمل ہوا ، ہماری مساجد سے کورونا نہیں پھیلا ، ہم نے احتیاط نہیں کی تو لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا ، لیکن لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ نقصان غریب طبقے کو ہوگا ، معیشت کو نقصان پہنچے گا، دکانداروں اور فیکٹریوں کو نقصان پہنچے گا۔

FOLLOW US