Tuesday May 13, 2025

شہباز شریف کی رہائی کے حکم پر مریم نواز کا ردِعمل آ گیا دس سال کہیں بھی ناانصافی کا سن کر پہنچ جانے والے کو آخر انصاف مل گیا

لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ سنا دیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی فل بینچ نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت منظور کر لی ہے۔اسی پر اب پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ دس سال کہیں بھی ناانصافی کا سن کر پہنچ جانے والے کو آخر انصاف مل گیا۔ جتنی مرتبہ بھی شہباز شریف صاحب کو گرفتار کیا، ان کا جرم صرف وفا نواز شریف نکلا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ شہباز شریف کا مقابلہ کرنا ہے تو خدمت میں کرو، جھوٹے مقدمات کے ذریعے خدمت کے نشان نہیں مٹائے جاسکتے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے 13 اپریل کو شہباز شریف کو آمدن ست زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ دیا تھا لیکن شہباز شریف کی رہائی کا معاملہ طوالت اختیار کیا گیا۔ عدالت کے مختصر فیصلے میں دو میں سے ایک جج کے دستخط نہ ہونے کے باعث ضمانتی مچلکے جمع نہ ہوسکے۔ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی ضمانت سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے ایک رکن جسٹس سردارسرفرازڈوگر نے ضمانت منظورکی جبکہ دوسرے رکن جسٹس اسجد جاوید گھرال نے ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی جس کے بعد شہباز شریف کی ضمانت کا معاملہ ریفری جج کے پاس گیا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت نمٹانے کے طریقہ کار پر قانون دانوں نے تحفظات ظاہر کریے تھے۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار مقصود بٹر کا کہنا ہے کہ ججوں میں اختلاف رائے معمول کی بات ہے لیکن الزام تراشی خوفناک عمل ہے۔ ریفری جج ازسرنو تمام دلائل دوبارہ بھی لے سکتا ہے جس کے بعد متفقہ فیصلہ سنائے گا۔