Tuesday April 30, 2024

فرانسیسی سفیر کی ملک بدری سے متعلق قرارداد پیپلزپارٹی کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کا نہ کرنے کا فیصلہ پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے باہمی صلاح مشورے سے کیا ، اس فیصلے کے بارے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کو آگاہ کردیا گیا ہے ، جس کے بعد پی پی پی ایم این ایز نے اپنی جماعت کے فیصلے سے قومی اسمبلی کو بھی آگاہ کردیا۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے بعد حکومت نے قومی اسمبلی کے اجلاس کا شیدول تبدیل کرتے ہوئے اجلاس جمعرات کے بجائے آج طلب کرلیا ، حکومت کی جانب سے آج قومی اسمبلی اجلاس میں فرانسیسی سفیرکی ملک بدری سے متعلق قرارداد پیش کیے جانے کا امکان ہے ، اس مقصد کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکرقومی اسمبلی کی زیرصدارت سہ پہر3 بجے ہوگا ،

جس میں قرارداد نجی بزنس کے طورپرایوان میں پیش کی جائے گی کیوں کہ آج منگل قومی اسمبلی میں نجی کارروائی کا دن ہے ، اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد آج ایوان کومذاکرات کے بارے میں بھی آگاہ کریں گے۔ اسی حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہو گئے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ حکومتی وفد اور تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان یہ بات طے پائی ہے کہ آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی اور تحریک لبیک لاہور میں اپنے مرکز مسجد رحمت العالمین سمیت ملک بھر سے دھرنے ختم کردے گی جب کہ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا اور جن لوگوں کےخلاف شیڈول فورتھ سمیت مقدمات درج ہیں ان کا اخراج بھی کردیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مذاکرات میں معاملاے طے پائے جانے کے بعد کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے پابندی بھی ہٹائے جانے کا بھی امکان پیدا ہوگیا ، میڈیا ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکومت ان کی جماعت سے پابندی ہٹانے پر بھی رضامند ہوگئی ہے ، تاہم ٹی ایل پی کے ترجمان نے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی جب کہ حکومت بھی اس حوالے سے فی الحال خاموش ہے۔

FOLLOW US