Friday November 1, 2024

20 اپریل تک کالعدم تحریک لبیک کو تحلیل کر دیں گے شیخ رشید نے لاہوریتیم خانہ چوک کی کشیدہ صورتحال سے آگاہ کردیا

اسلام اباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 20 اپریل تک کالعدم تحریک لبیک کو تحلیل کردیں گے ، کالعدم ٹی ایل پی نے 192جگہوں کو بند کیا تھا جن میں سے191مقامات کلیئرہوگئے ہیں ، اس وقت صرف لاہوریتیم خانہ چوک بندہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے جی 7 اسلام آباد میں سستا رمضان بازار کا دورہ کیا اور سستارمضان بازارمیں قیمتوں کا جائزہ لیا ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس وقت ٹی ایل پی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ، وزیراعظم عمران خان نے کل ناموس رسالت ﷺ سے متعلق اہم بیان دیا ، ہم کسی صورت آپ ﷺ کی گستاخی کوقبول نہیں کریں گے ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی نے 192 جگہوں کو بند کیا تھا جن میں 191مقامات کلیئرہوگئے ہیں تاہم اس وقت صرف لاہوریتیم خانہ چوک بند ہے اور لاہور کے یتیم خانہ چوک پراب بھی حالات کشیدہ ہیں لیکن 20اپریل تک کالعدم ٹی ایل پی کو تحلیل کردیں گے ، ٹی ایل پی کے ناصرف اکاوَنٹ بلاک ہوں گے بلکہ ان کے شناختی کارڈز بھی بلاک ہوں گے اور 20اپریل کوراولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کوراستے کھلے ملیں گے۔ قبل ازیں کالعدم تحریک لبیک کے تمام رہنماؤں اور علما کی زبان بندی کا حکم دے دیا گیا ، محکمہ داخلہ نے تحریک لبیک کے تمام رہنماؤں اور علما پر پابندی کے باعث زبان بندی کا حکم دیا ہے ، کوئی بھی کالعدم تحریک لبیک کا لیڈر کہیں بھی تقریر نہیں کر سکتا ہے ،محکمہ داخلہ کے مطابق کالعدم تحریک کے لیڈر مسجد میں بھی تقریر نہیں کر سکتے، ان کے فیس بک اکاؤنٹ بند کر دیئے گئے ہیں ،اس کے علاوہ واٹس ایپ گروپ بھی بند کر دیے گئے ہیں اور کالعدم تحریک لبیک کے کسی رہنما پر تقریر کرنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

FOLLOW US