Tuesday April 30, 2024

پیپلزپارٹی نے وفاق اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانے کی تیاریاں مکمل کر لیں

لاہور: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی وفاق اور پنجاب میں عدم اعتماد کیلئے تیار ہے، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے عدم اعتماد کیلئے آگے بڑھیں، صرف یوسف رضا گیلانی کے چیئرمین سینیٹ بن جانے سے حکومت نہیں جائے گئی۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ شہبازشریف ضمانت ابھی تک نہیں ہوئی، شہبازشریف کو اگر نیب کی طرف سے ریلیف ملا ہے تو اس کو ڈیل کہا جائے گا، میں بطور وکیل سمجھتا ہوں عدالتیں ثبوتوں کی بنیاد کی فیصلے کرتی ہیں، اس پرمسلم لیگ ن کی قیادت کی لندن اور جاتی امراء سے جو خاموشی نظر آتی ہے یہ بھی قیاس پیدا کرتی ہے۔

پی ڈی ایم جب لانگ مارچ کیلئے تیار تھی تو مسلم لیگ ن نے استعفوں کو منسلک کردیا، جو کہ کبھی بھی یہ فیصلہ نہیں ہوا تھا لانگ مارچ کے ساتھ استعفے بھی دیے جائیں گے۔ ایک جماعت جس کی سیاسی تاریخ ہو،مولانا فضل الرحمان نے سندھ میں پی ٹی آئی سے معاہدہ کیا ہم نے شوکاز نوٹس نہیں دیا، پیپلزپارٹی چاہتی تھی اتحاد برقرار رہے۔ جس مقصد کیلئے اتحاد بنا اس مقصد کو حاصل کیا جائے۔ ن لیگ کیوں خاموش ہے یہ سوال ان سے پوچھا جائے، ستمبر سے جس طرح پی ڈی ایم نے جلسے جلوس کیے، جس میں پیپلزپارٹی قیادت شریک ہوتی رہی، لانگ مارچ 26مارچ کو ہونا تھا، 16مارچ کو اس کو سبوتاژ کردیا گیا۔ لانگ مارچ سے قبل مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز نے کہا کہ لانگ مارچ مئوثر تب ہوگا جب ہم استعفے دیں گے۔لانگ مارچ کے دوران وفاق اور پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک لانا تھی۔ استعفوں کی بات کی گئی تو ہماری قیادت نے کہا کہ آپ لوگ استعفے دے دیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اس پوزیشن میں ہیں کہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں عدم اعتماد لائی جائے، پیپلزپارٹی اس کیلئے تیار ہے، لیکن چیئرمین سینیٹ بنانے سے حکومت نہیں جائے گئی، اس کیلئے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا ہوگی۔

FOLLOW US