Friday June 14, 2024

کابینہ نے لاہور سمیت پانچ شہروں میں رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی

اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نےکہاہےکہ کابینہ نےملکی برآمدات میں اضافہ کیلئےرجسٹریشن اتھارٹی کے قیام ، لاہور سمیت پانچ شہروں میں رینجرز تعیناتی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دیدی،کابینہ کی سمری اور قانونی مواد کی ڈیجیٹلائزیشن سے 51 کروڑ روپے کی بچت ہوگی،کابینہ میں رد و بدل حتمی مرحلے میں ہے، حزب اختلاف کی تینوں جماعتوں سے اصلاحات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، مطالبات پر بات ہو سکتی ہے تاہم کوئی گروہ پاکستان کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ کی کاغذی کارروائی کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہو چکی ہے

جس سے قومی خزانے کو 51 کروڑ روپے کی بچت ہوگی،ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلیاں بھی جلد از جلد پیپر لیس ہوں،کابینہ ارکان کو آئندہ ہفتے ٹیبلیٹ دیئے جائیں گے اور کابینہ کی کارروائی پیپر لیس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے کابینہ کو بریفنگ دی اور کابینہ کو بتایا گیا کہ اگر پہلے دو ہفتوں میں صورتحال میں بہتری نہیں آئی تو عید شاپنگ سے کورو نا میں مزید تیزی آئے گی ،حکومت کی توجہ کورونا ویکسین کی خریداری پر ہےاور ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے باعث صورتحال تشویشناک ہے، کورونا ویکسین کی درآمد سے متعلق کمیٹی تشکیل دی گئی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی میں اجلاس میں ملکی معیشت سے متعلق امور پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا رواں مالی سال ملکی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، معاشی شرح نمو تین فیصد ہےجس میں پانچ فیصدسےزیادہ اضافہ متوقع ہے،کابینہ اجلاس میں سٹوڈنٹس ویزا فیس میں کمی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔کابینہ نے راولپنڈی، گوجرانوالہ،جہلم،لاہور اور بہاولپور میں رینجرز کی تعیناتی اور اسلام آباد میں قانونی چارہ جوئی کے لیے سہولت مرکز کے قیام کی منظوری دے دی ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وراثتی سرٹیفیکیٹ کیلئے پاکستان نہیں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے زائرین منیجمنٹ، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی منظوری دے دی،

لاہور میں دو منصوبوں کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی،والٹن میں 318 ایکڑ پر محیط نیا تجارتی مرکز آئندہ اٹھارہ ماہ میں قائم کیا جائے گا،ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، پاکستانی آموں اور قیمتی پتھروں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کےحوالے سےکہا کہ پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کو واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا،یہ بچگانہ سیاست کی علامت اور آپس کے جھگڑے ہیں ، ایسا اتحاد جس کی بنیاد ہی نہ ہو زیادہ دیر چل نہیں سکتا ،جس کی ہم نے پہلے ہی پیشن گوئی کی تھی۔یہ ایک ایسی گاڑی ہے جس کا بریک کسی ایک کے ہاتھ میں اور انجن دوسرے کے کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ،پی پی اور جے یو آئی کو اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنا چاہیے ۔انتخابی اصلاحات کے حوالے سے ہم تجاویز دے چکے ہیں،استعفوں کی سیاست ختم ہو چکی ہے یہ لوگ اپنی اپنی انا سے پیچھے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں،ہم ن لیگ ،جے یو آئی اور پیپلز پارٹی سے انتخابی اصلاحات پر الگ الگ بات چیت کرنے کو تیار ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل حتمی مرحلے میں ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی ریاست ہے، فیصلے کسی گروپ پرنہیں چھوڑ سکتے، مطالبات پر بات ہو سکتی ہے تاہم ڈکٹیشن کسی صورت ریاست کے حق میں نہیں، کوئی گروہ پاکستان کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔

FOLLOW US