Sunday May 19, 2024

رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی ٹھنڈے موسم کی نوید سنا دی گئی، آندھی طوفان کیساتھ تیز بارشوں کا الرٹ جاری

کراچی: رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی ٹھنڈے موسم کی نوید سنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اندرون سندھ میں آندھی، تیز بارشوں کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے سندھ نے بارشوں سے متعلق ڈپٹی کمشنرز لاڑکانہ، جیکب آباد اور سکھر کو مراسلہ جاری کردیا۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد میں بدھ سے ہفتے تک تیز بارش کا امکان ہے، ضلعی انتظامیہ تمام ضروری اقدامات مکمل کرے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کی جانی و مالی املاک کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے

کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا ،بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اورکشمیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں دن کو موسم گرم اور رات کو آندھی اور تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے ،بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سبی، کوہلو، لسبیلہ اور تربت میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے، ژوب،زیارت ،لورالائی میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا، خطہ پوٹھوہار میں آندھی، تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا، خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، چترال ،مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، مردان میں بارش کا امکان ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوابی ، چارسدہ، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں بھی تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

FOLLOW US