Wednesday May 8, 2024

کورونا وائرس سے مزید102 افراد کا انتقال چوبیس گھنٹے میں 4ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

اسلام آباد : پاکستان مین عالمی وباءکورونا کی تیسری لہر کے دوران ایک بار پھر صرف ایک دن میں 102 افراد جان کی بازی ہار گئے ، ملک بھر میں عالمی وباء سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ ایک دن میں مزید 4 ہزار 004 مثبت کیسز سامنے آگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 41 ہزار 699 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے ملک بھر میں مزید 4 ہزار 004 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ،

اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 700,188 ہوگئی ، اب تک صوبہ سندھ میں 2 لاکھ67 ہزار 238 ، صوبہ پنجاب میں 2 لاکھ 37 ہزار 594 ، صوبہ خیبر پختونخوا میں 93 ہزار 862 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 62 ہزار 775، صوبہ بلوچستان میں 19 ہزار 942، آزاد کشمیر میں 13 ہزار 713 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 064 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 64 ہزار 373 ہے جن میں سے 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 102 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے ساتھ ہی اب تک پاکستان میں اس وباء سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 15 ہزار 026 ہوچکی ہے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا وباء کے سبب سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں اتب تک 6 ہزار731 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ صوبہ سندھ میں یہ تعداد 4 ہزار516 بتائی گئی ، صوبہ خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 496، وفاقی ادارالحکومت اسلام آباد میں 588، گلگت بلتستان میں 103، صوبہ بلوچستان میں 212 اور آزاد کشمیر میں اب تک 380 افراد عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

FOLLOW US