Saturday May 4, 2024

عوامی نیشنل پارٹی کا پی ڈی ایم کے تمام عہدے چھوڑنے کا اعلان ن لیگ پنجاب اور جےیوآئی لاڑکانہ میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے پر وضاحت دیں

اسلام آباد : عوامی نیشنل پارٹی نے پی ڈی ایم کے تمام عہدے چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے، اے این پی رہنماء امیر حیدرہوتی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے منشور کی حمایت جاری رکھیں گے، ن لیگ پنجاب اور جےیوآئی لاڑکانہ میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے پر وضاحت دیں، شوکاز نوٹس کا مقصد اے این پی کو سیاسی نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے پارٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے منشور کی حمایت جاری رکھیں گے۔ پی ڈی ایم کی تحریک کی وجہ سے حکومت پر دباؤ آیا۔ استعفوں کے وقت سے متعلق اختلاف رائے کی وجہ سے لانگ مارچ کو مئوخر کرنا پڑا۔

اے این پی کا مئوقف تھا کہ استعفوں کے بغیر لانگ مارچ میں دم نہیں ہوگا۔ میری تجویز تھی کہ جب تک استعفوں کی ٹائمنگ پر متفق نہیں ہوتے لانگ مارچ ملتوی کردیا جائے۔ پیپلزپارٹی کو (ن) لیگ کے امیدوار پر تحفظات تھے۔ ہونا یہ چاہیے تھا کہ تحفظات مشاورت سے دور کیے جاتے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ سینیٹ میں اپوزیشن کے دو امیدواروں میں سے ہمیں ایک کا انتخاب کرنا تھا،ہم نے رات کے اندھیرے میں ٹھپے نہیں لگائے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی کو شوکاز نوٹس دینے کا اختیار صرف اسفند یار ولی خان کو ہے۔ وضاحت چاہیے تھی تو ویسے ہم سے وضاحت مانگ لیتے ہم وضاحت دے دیتے۔ کیا پنجاب میں مسلم لیگ ن کی جانب سے پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کی وضاحت نہیں بنتی؟ لاڑکانہ میں جے یوآئی اور پی ٹی آئی کا اتحاد ہوا ہے، کیا اس پر وضاحت نہیں بنتی؟ ہمیں مولانا صاحب سے توقع تھی کہ وہ سربراہ پی ڈی ایم کی حیثیت سے قدم اٹھائیں گے۔

یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ ن لیگ اور جے یو آئی کی حیثیت سے قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے شوکازنوٹس کیوں دیا گیا ہے۔ کیونکہ ان کو جو وضاحت چاہیے تھی وہ ہم دے چکے تھے، اس کے باوجود شوکاز کا مقصد واضح ہے۔ شوکاز نوٹس کا مقصد اے این پی کو سیاسی طور پر نقصان پہنچانا ہے۔ پی ڈی ایم کو کچھ مخصوص جماعتیں اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شوکاز نوٹس کس اتھارٹی کے ساتھ بھیجا گیا؟ ہمیں دیوارسے لگا دیا گیا، سربراہ کا کردار یہ نہیں ہوتا کہ اس طرح حملہ آور ہو۔آج ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پی ڈی ایم سے الگ ہوجائیں۔ جس پر اے این پی نے پی ڈی ایم کے تمام عہدے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

FOLLOW US