لاہور : پنجاب حکومت نے 12 فیصد شرح والے علاقوں میں لاک ڈاؤن کی منظوری دے دی ، لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو اور اورنج لائن ٹرین بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کرلیے گئے ، جن کے تحت پنجاب میں مارکیٹس شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ریسٹورنٹس اور پارکس مکمل طور پر بند کیے جائیں گے صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی ، جب کہ لاہور شہر میں ٹرانسپورٹ بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے شادی کی تقریبات پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پابندیوں کا اطلاق 12 فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز والے شہروں پر ہوگا ، کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی ، مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی جائے گی ، ماسک پر سختی سے پابندی ہوگی۔ خیال رہے کہ پاکستان میں لگاتار تیسرے دن 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی ملک میں مثبت کورونا کی شرح 11 اعشاریہ 2 فیصد کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ، سوات میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 23 فیصد اور سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ، جب کہ پشاور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 22 فیصد ، مالاکنڈ ، سرگودھا اور سیالکوٹ میں 12 فیصد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4525 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ، جس کے بعد اب ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116ہو گئی ہے جب کہ اس وقت فعال مریضوں کی تعداد 46 ہزار 663 ہےجن میں سے 3 ہزار 55 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے باعث مزید 41 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں عالمی وباء سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 256 تک پہنچ گئی ، کورونا سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 6 ہزار246 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ، صوبہ سندھ میں 4 ہزار 491 ، صوبہ خیبر پختونخوا 2 ہزار301 ، صوبہ بلوچستان میں 206 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 561 ، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 348 افراد انتقال کرگئے۔ بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار227 ہے ، صوبہ سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 889، صوبہ خیبر پختونخوا میں 85 ہزار 531، صوبہ بلوچستان میں 19 ہزار 525 ، اسلام آباد میں 56 ہزار 450، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 484 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار10 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔