لاہور: ملک میں ماہ شعبان کا آغاز، شب برات 29 مارچ کو ہو گی، رمضان المبارک کے آغاز میں بھی کم وقت باقی رہ گیا، ماہ مبارک کا آغاز 14 اپریل سے ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ماہ شعبان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز کراچی میں ہوا تھا۔ اجلاس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس کے دوران ملک بھر سے چاند کی شہادتیں حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ملک کے کسی کونے سے شعبان کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ملک میں کہیں چاند نظر نہیں آیا۔
جبکہ آج بروز پیر شام کے وقت چاند نظر آنے کے بعد ملک میں ماہ شعبان کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ ماہ شعبان کے آغاز کے بعد ملک میں شب برات 29 مارچ کی شب کو منائی جائے گی۔ جبکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ہجری کلینڈر کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کا آغاز 14 اپریل بروز بدھ سے ہوگا۔ اور ملک میں عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔ ماہ شعبان کے آغاز کے بعد رمضان المبارک کی آمد کا بے صبری سے انتظار کرنے والے پاکستان سمیت دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان کا انتظار اب جلد ہی ختم ہونے والا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماہ مبارک کے آغاز میں اب صرف 29 دن باقی ہیں۔