Thursday May 15, 2025

موٹروے سے جہلم تا اسلام آباد فاصلہ صرف 45 منٹ میں طے ہو سکے گا، وزیراعظم عمران خان کا عوام کیلئے بڑے تحفے کا اعلان

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موٹروے سے جہلم تا اسلام آباد فاصلہ صرف 45 منٹ میں طے ہو سکے گا- تفصیلات کے مطابق وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے سے جہلم تا اسلام آباد فاصلہ صرف 45 منٹ کا رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ہفتے سیالکوٹ راولپنڈی موٹروے کے پہلے مرحلے کا ٹینڈرآ جائے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ شمالی پنجاب کے لیے موٹروے وزیراعظم عمران خان کا ایک بہت بڑا تحفہ ہوگا۔وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے اس پروجیکٹ کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس موٹروے کی تعمیر کے بعد جہلم کا اسلام آباد سے فاصلہ صرف 45 منٹ کا رہ جائے گا۔

گوجر خان، سوہاوہ اور دینہ اسلام آباد کے نواحی علاقے بن جائیں گے، چکول، جہلم، کھاریاں، لالہ موسیٰ، وزیر آباد کی معاشی اہمیت میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ للہ انٹرچینج تا جہلم دورویہ سڑک اور وزیر آباد راولپنڈی موٹروے شمالی پنجاب کے لیے گیم چینجر منصوبے ہیں، میری تجویز کو پذیرائی دیے جانے کے لیے شکر گزار ہوں۔ خیال رہے کہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے متعدد موٹروے منصوبوں کا آغاز کر رکھا ہے، جہلم تا اسلام آباد موٹروے انہیں منصوبوں کی ایک کڑی ہے، ان منصوبوں کا مقصد نہ صرف شہروں کو آپس میں ملانا ہے اور شہروں کے درمیان موجود مسافت کو کم کرنا ہے، بلکہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بھی تقویت دینا ہے۔