Saturday May 18, 2024

کورونا کیسزمیں اضافہ۔۔۔تعلیمی ادارے ایک بار پھر بند ہونے کا امکان،صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث تعلیمی ادارے ایک بار پھر بند ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اسی حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے مگر ابھی صورتحال ویسی نہیں جیسی نومبر اور دسمبر میں تھی۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کے دوران کیسز میں شرح میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجکلاس بھی طلب کیا ہے کس میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم شرکت کعیں گے،اجلاس کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ گذشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے باعث اسکول دوبارہ کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کے زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے کے حوالے سے اپریل کے دوسرے ہفتے میں نظرثانی کی جائے گی۔کورونا کے بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی او سی 9 مارچ بروز منگل اسکولوں کو کھولنے کے طریقوں پر نظرثانی کرے گا۔

اجلاس میں سینماؤں، شادی ہالز میں تقریبات اور ریسٹورنٹس کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے کو واپس لینے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبوں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال اور اس سے متعلق اقدامات، ویکسی نیشن پر پیشرفت اور قومی ویکسین کی حکمت عملی کے بارے میں غور کیا گیا۔این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے مثبت کیسز کا جائزہ لیا اور صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گراس روٹ کی سطح پر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔یاد رہے کہ 25 فروری کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ یکم مارچ سے تمام اسکولز ہفتے میں 5 دن کلاسز کے معمول پر واپس آجائیں گے۔

FOLLOW US