Sunday April 28, 2024

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی قرارداد منظور سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی کا بھی مطالبہ

گلگت بلتستان : گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کرلی گئی ، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دینے کا بھی مطالبہ کردیا گیا ، قرارداد وزیراعظم سیکریٹریٹ کو ارسال کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی نے جی بی کو ملک کا پانچواں صوبہ بنانے کی قرارداد وزیر اعلیٰ خالد خرشید نے پیش کی جو کہ متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ، قرار داد میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی ، سینیٹ اور دیگر وفاقی اداروں میں مناسب نمائندگی دی جائے ،

اس مقصد کے لیے آئین پاکستان میں ترامیم کا بل منظورکرایا جائے جب کہ آئینی ترامیم میں خیال رکھا جائے اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کامؤقف برقرار رہے ، گلگت بلتستان کےعوام کشمیریوں کی آزادی کے لیےاخلاقی ، سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ خالد خورشید نے کہا ہے کہ جی بی کے عوام پرامید ہیں کہ انشااللہ گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ ملے گا کیوں کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ جی بی کوآئین کےمطابق حقوق ملیں تاہم صوبے کے لیے اسمبلی میں جب قرارداد آئی تو اپوزیشن نے بھی اس کی مکمل حمایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے عوام کو صحت کارڈ دینے کا اعلان کردیا ، انہوں نے کہا ہے کہ ہماری ترجیح کمزور طبقے کو ترقی دینا ہے، اسی لیے گلگت بلتستان کے لوگوں کیلئے صحت کارڈ لے کر آرہے ہیں ، جس کی مدد سے 10 لاکھ روپے تک لوگ کسی بھی اسپتال میں فری علاج کرا سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کی نو منتخب کابینہ سے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ اور وزیراعلیٰ کو مبارکباد دیتا ہوں ، گلگت بلتستان حکومت ایک نئی روایت قائم کرے گی ، حکومت گورننس کے نئے معیار قائم کرے گی ، میں بھی گلگت بلتستان کے مسائل سے واقف ہوں، صوبائی حیثیت دینے کیلئے فوری کام کریں گے ، اس مقصد کے لیے فوری طور پر کمیٹی بنائیں گے ، جب کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دیں گے ،

سیاحت کو فروغ دینے کیلئے سستے قرضے بھی دیئے جائیں گے ، قرضوں سے لوگوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے آسٹریا کی ایک بڑی کمپنی کے وفد سے ملاقات ہوئی ، جن کی مدد سے اسکردو میں 250بیڈز کا اہسپتال بنا رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ گلگت میں سرمایہ کاری کوفروغ دینے کےلیے خوشگوار ماحول فراہم کریں گے ، گلگت بلتستان کو جس راستے پر ڈالیں گے عوام کی زندگی بدل جائے گی، جس کے لیے علاقے کے لوگوں کو وسائل دینے کے خواہاں ہیں۔

FOLLOW US