Saturday May 18, 2024

اعتماد کا ووٹ ۔۔کپتان کے دیوانے نے وزیراعظم کیلئے بھوکے پیٹ عبادت شروع کر دی

کوٹلی : وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ کے اعلان کے بعد سے ہی ان کے مداحوں میں ایک بے چینی سی پیدا ہو گئی ہے، سینیٹ الیکشن میں حکومت کو مطلوبہ کامیابی نہ مل سکنے پر عمران خان کے سپورٹرز اور پی ٹی آئی کے فالوورز میں مایوسی پھیلی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے اعلان نے ان کے سپورٹرز کو مزید پریشان کر دیا ، عمران خان کے سپورٹرز کا کہنا ہے کہ ہمیں اس ملک کی بھلائی اور ترقی کی صرف عمران خان سے اُمید تھی لیکن اگر عمران خان کو قومی اسمبلی میں مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہو سکی تو اس ملک کا خدا ہی حافظ ہے۔

تاہم کوٹلی آزاد کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کا ایک ایسا سپورٹر بھی موجود ہے جس نے بغیر کچھ کھائے پیے کپتان کی کامیابی کی دعا شروع کر دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق کوٹلی کا رہائشی محمد شاہپال وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے کے اعلان کے بعد اپنے بچوں کے ہمراہ جائے نماز پر بیٹھ گیا ہے۔ شاہپال کے ہاتھ میں تسبیح اور ہونٹوں پر ایک ہی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم عمران خان کو کامیاب کرے۔ شاہپال نے نہ کچھ کھایا اور نہ پیا بس ایک ہی دعا کیے جا رہا ہے کہ اللہ پاک عمران خان کو کامیاب کرے۔ اس حوالے سے محمد شاہپال نے کہا کہ میں تب تک کچھ کھاؤں گا نہیں اور نہ ہی پیوں گا جب تک میرے کپتان کو کامیابی نہیں مل جاتی۔ عمران خان کے وزیراعظم بننے پر کوٹلی سے محمد شاہپال وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد تک اپنے ننھے بچوں کے ہمراہ ڈیڑھ سو کلومیٹر کا سفر پیدل طے کر کے وزیر اعظم سے ملنے گیا تھا۔ محمد شاہپال کے ننھے بچے بھی عمران خان کے دیوانے ہیں اور وزیر اعظم کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ شاہپال کا کہنا ہے کہ میں نم آنکھوں سے اپنے اللہ کے حضور یہ دعا مانگ رہا ہوں کہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں وزیراعظم عمران خان کامیاب ہوں اور میں ننگے پاؤں پیدل چل کر کپتان کے لیے اپنی منت پوری کروں۔

FOLLOW US