Saturday May 18, 2024

30 حکومتی اراکین کا ن لیگ سے رابطہ شاہد خاقان عباسی نے اراکین کی جانب سے کی گئی پیشکش بتا دی

اسلام آباد : 30 حکومتی اراکین کا ن لیگ سے رابطہ ، شاہد خاقان عباسی نے اراکین کی جانب سے کی گئی پیشکش بتا دی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت کے 30 سے زیادہ ارکان نے ہم سے رابطہ کیا۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اعتماد کا ووٹ لینا ہو تو صدر کو لکھنا پڑتا ہے کہ آپ اکثریت کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر وزیراعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ لے لیں تو ٹھیک ہے ورنہ وہ فارغ ہیں۔ہماری نظر میں تو وہ پہلے ہی فارغ ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ حکومت کے 30 سے زیادہ ارکان نے ہم سے رابطہ کیا،ان میں سے چند نے ٹکٹ کی بات کی ورنہ اکثریت نے حکومت کی ناکامی کی بات کی۔ کسی نے ہم سے پیسے کی کوئی بات نہیں کی اور نا ہی ہم نے کسی کو پیسے دئیے۔ علاوہ ازیں شاہد خاقان عباسی نے حکومتی ارکان کی بڑی تعداد کی جانب سے رابطہ کیے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی اراکین نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنی جماعت کے ساتھ نہیں چل سکتے،ہمیں اپنے ارکان پر اعتماد ہے ایک سو فیصد ووٹ اپنے امیدوار کو دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ہمارے تمام ارکان اجلاس میں موجود تھے ،وزیر اعظم دو دن سے بیٹھے ہوئے ہیں ان کی بوکھلاہٹ واضح ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومتی ارکان کی بڑی تعداد ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں ،حکومتی ارکان نے واضح کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنی جماعت کے ساتھ نہیں چل سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں پوری امید ہے کہ یوسف رضا گیلانی اور فرزانہ کوثر کامیاب ہونگے ،انہوںنے کہاکہ اسلام آباد کی ہوائیں کبھی ٹھنڈی اور کبھی گرم ہوتی ہیں ،یقین ہے ایک سو فیصد ووٹ پڑیں گے،ہمیں اپنے ارکان پر اعتماد ہے ،ان پر کوئی دباو یا لالچ دینے کی ضرورت ہے ۔

FOLLOW US