Thursday May 2, 2024

سینیٹ انتخابات میں جیت کی صورت میں عمران خان کو ایک فائدہ ایک نقصان ہو گا

سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں شکست کھا جاتی ہے تو پی ڈی ایم میں دراڑیں پڑ جائیں گی جس کا فائدہ عمران خان بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات کے موقع پر عمران خان نے ایم این ایز سے ملنے کا سلسلہ تیز کر دیا تھا کیونکہ اگر اوپن بیلٹ انتخابات ہوتے تو شاید اس چیز کا نقصان عمران خان کو اٹھانا پڑتا کیونکہ بہت ایم این ایز ہمیشہ اعتراض کرتے تھے کہ عمران خان ہم سے ملاقات نہیں کرتے جو کہ اب نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم این ایز کا کہنا ہے کہ عمران خان سے سال میں ایک بار ملاقات ہو جاتی ہے لیکن حفیظ شیخ نے بطور وزیر خزانہ کبھی ہم سے ملاقات نہیں کی اور نہ ہی کبھی ہمارے فنڈز کے مسائل حل کیے۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ اگر حکومت سینیٹ انتخابات جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو پی ڈی ایم میں بہت سے سوالات اٹھیں گے اور مزید دراڑیں پڑیں گی جس کا وزیراعظم عمران خان فائدہ اٹھاتے ہوئے بھرپور انداز میں اپوزیشن پر حملہ آور ہوں گے۔ جب کہ اپوزیشن کے ہارنے کے بعد لانگ مارچ کی تحریک زور پکڑے گی۔ واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی سمیت سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔ صوبوں کی نشستوں پر ارکان صوبائی اسمبلی ووٹ ڈال رہے ہیں اور اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ارکان قومی اسمبلی ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ جبکہ پنجاب کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ اسلام آباد خاتون کی نشست پر ن لیگ کی فرزانہ کوثر اور تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد آمنے سامنے ہیں۔

FOLLOW US