Friday May 3, 2024

تعلیمی ادارے ایک ماہ کیلئے بند ۔۔کورونا کیسز میں اضافے کے بعد میرپورآزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن نافذ

میرپور آزاد کشمیر: کورونا کیسز میں اضافے کے باعث میرپور آزاد کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی مہلک وبا نے آزاد کشمیر کے ضلع میر پور کو بھی لپیٹ میں رکھا ہے جس کے باعث ضلع بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ایک ماہ تک شادی ہالز بند رکھنے کی بھی ہدایت جاری کر دیں۔ حکام نے لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے لیے مجسٹریٹس تعینات کر دئیے ہیں جب کہ تعلیمی ادارے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے لیے حکام نے مجسٹریٹس کو تعینات کر دیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سیاسی و مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی ہو گی جب کہ اشیائے خوردونوش کی دکانیں ہفتے میں دو دن منگل اور جمعے کی صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلیں گے۔

ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ پبلک پارکس، کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہو گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران نماز جنازہ کے اجتماعات میں صرف 50 افراد شریک کر سکیں گے، جب کہ پلپ دھان گلی اور جاتلاں پل سیل کر دیا گیا۔دوسری جانب گذشتہ روز جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اعداد و شمار جاری کردئیے، این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے میں ملک میں کرونا کے 23 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 860 ہوگئی۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں 1176 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 21 ہزار 836 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھرمیں 38 ہزار 920 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1176 کیسز مثبت آئے، ملک میں 24 گھنٹےمیں کورونا وائرس کےٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 3.02فیصد رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے ایک 562 مریض تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ اب تک 5 لاکھ 79 ہزار 973 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 45 ہزار 227 ہے۔

FOLLOW US