Saturday May 18, 2024

وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادوں کی نماز جمعہ کے بعد لی گئی تصویر کے سوشل میڈیا پر چرچے

لاہور: وزیراعظم کے صاحبزادوں کی نماز جمعہ کے بعد لی گئی تصویر کے سوشل میڈیا پر چرچے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام کے اکاونٹ سے ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس کے سوشل میڈیا پر خاصے چرچے ہو رہے ہیں۔ انسٹا گرام پر پوسٹ کی گئی تصویر وزیراعظم کے دونوں صاحبزادوں کی ہے۔ عمران خان کے دونوں صاحبزادوں قاسم اور سلیمان کی تصویر کینیا کی ایک مسجد کے باہر لی گئی۔ تصویر کیساتھ لکھا گیا ہے کہ سلیمان اور قاسم کینیا کے شہر لیمو میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد کھڑے ہیں۔ تصویر میں سلیمان اور قاسم کیساتھ ایک افریقی شخص بھی موجود ہے۔ تصویر سوشل میڈیا پر جاری ہونے کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے۔

پاکستانی صارفین نے قاسم اور سلیمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے صاحبزادوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی کرتا دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہوئی۔ یہاں واضح رہے کہ سلیمان اور قاسم وزیراعظم عمران خان کی پہلی اہلیہ جمائما خان سے ہونے والے بیٹے ہیں، جو اپنے والدین کی علیحدگی کی وجہ سے برطانیہ میں اپنی والدہ کیساتھ ہی رہائش پذیر ہیں۔ تاہم سلیمان اور قاسم ہر سال اپنے والد کیساتھ چھٹیاں منانے کیلئے پاکستان بھی آتے ہیں۔ ایک مرتبہ وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ ان کیلئے اپنے بچوں سے دور رہنا بہت تکلیف دہ ہے، لیکن وہ بچوں کو اپنی والدہ سے دور کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، اسی لیے بچے اپنی والدہ کیساتھ ہی رہتے ہیں۔

FOLLOW US