Friday April 26, 2024

سینیٹ الیکشن: آصف زرداری اور نوازشریف نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی بنانے کی ٹھان لی

اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زردادی اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں کامیابی دلانے کی ٹھان لی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں کامیابی دلانے کے لیے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری میں اعلیٰ سطح کا رابطہ ہوا ، جس میں سینیٹ انتخابات سمیت ملک کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے پی ڈی ایم کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماوں کے رابطے میں اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن لڑنے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی خاص طور موضوع گفتگو رہی ، جس میں سابق صدر آصف زرداری اور ن لیگ کے قائد نوازشریف نے اتفاق کیا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے ہر طرح کی حکمت عملی بروئے کار لائی جائے گی۔ دوسری طرف وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پیش گوئی کی ہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سینیٹ الیکشن میں 39 ووٹوں سے ہاریں گے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ انتخابات میں کھڑا کرکے جوا کھیلا ہے لیکن سابق وزیر اعظم یہ الیکشن 39 ووٹوں سے ہار جائیں گے ، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے خفیہ ووٹنگ کے لیے بچوں کی طرح ضد کی ، اس صورتحال میں اگر کسی بھی پارٹی کو اس کے ووٹوں سے زیادہ سیٹیں ملیں تو اس پر سوالات اٹھیں گے۔

قبل ازیں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ اُمیدوار وسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ، مطابق سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ اُمیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا گیا تھا۔ بتایا گیا کہ اس پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جو کہ اب سنا دیا گیا ہے جس کے مطابق سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ، الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ افیسر ظفر اقبال نے فیصلہ سناتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسترد کر دیا۔

FOLLOW US