Monday May 20, 2024

پی آئی اے نے کرایوں میں مزید کمی کر دی، رعایتی کرایوں کےساتھ مسافر 35کلو سامان بھی لے جا سکیں گے۔۔

سیالکوٹ : پی آئی اے نے کرایوں میں مزید کمی کر دی، قومی ائیرلائن نے سیالکوٹ کے شہریوں کیلئے رعایتی کرائے متعارف کرادیئے، رعایتی کرایوں کےساتھ مسافر 35کلو سامان بھی لے جا سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ائیرلائن کی جانب سے سیالکوٹ اور کراچی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو خوشخبری سنائی گئی ہے۔ اب مسافر سیالکوٹ اور کراچی کے درمیان رعایتی کرائے پر سفر کر سکیں گے۔ پی آئی اے اعلامیہ کے مطابق اب کراچی سیالکوٹ کےمابین یکطرفہ کرایہ 8ہزار 200 سے شروع ہوگا۔

مسافروں کو رعایتی کرایوں کے ساتھ 35 کلو سامان بھی لے جانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ پائلٹس کے جعلی لائسنس معاملے کی وجہ سے پی آئی اے پر اس وقت کئی ممالک نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔ جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران کرونا بحران اور اس وجہ سے لگنے والی سفری پابندیاں بھی پی آئی اے کیلئے بدترین مالی مشکلات کا باعث بنیں۔ اس صورتحال میں پی آئی اے کی جانب سے ناصرف اندرون ملک، بلکہ بیرون ملک بھی نئے روٹس پر پروازیں چلا کر مالی نقصانات کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے نے اندرون ملک اپنے بیشتر روٹس کے کرایوں میں واضح کمی کی ہے۔ جبکہ اب قومی ائیرلائن کی جانب سے سیالکوٹ کراچی روٹ کیلئے رعایتی پیکج ایسے وقت میں متعارف کروایا گیا ہے، جبکہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی نجی ائیرلائن ائیرسیال نے بھی اپنا فضائی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ نئی ایئر لائن کمپنی ایئر سیال نے 26 فروری سے اندرون ملک پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ ایئر سیال کمپنی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 26 فروری سے کراچی تا سیالکوٹ کے درمیان پروازوں کو آغاز کردیا جائے گا، ہفتے میں دو پروازیں کراچی سے سیالکوٹ پیر اور جمعے کو آپریٹ کی جائیں گی۔

سیالکوٹ سیکٹر کیلئے ایئر بس320 طیارے آپریٹ کیے جائیں گے۔ یاد رہے یکم دسمبر2020 کو وفاقی کابینہ نے نجی ایئرلائن ایئر سیال کے لائسنس کی منظوری دی تھی۔ 9 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں ایئر سیال کا افتتاح کیا تھا۔ ائیرسیال کے فلیٹ میں تین ائیر بس اے 320-200 شامل ہیں، جس میں 180 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

FOLLOW US