Sunday May 19, 2024

اسفندیار ولی گھر پر خیریت سے ہیں، انتقال کی خبر جھوٹی قرار انتقال کی خبر جھوٹی قرار،ترجمان اے این پی

لاہور : عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفندیار ولی کے انتقال کی افواہوں کی تردید کردی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اے این پی کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ترجمان اے این پی نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کےسربراہ اسفند یار ولی اپنے گھر پر خیریت سے ہیں۔ اسفند یار ولی خان کے انتقال کی افواہیں بیمار ذہنیت والے پھیلارہے ہیں ۔ اے این پی کے ترجمان کی جانب سے تردید کے ساتھ ساتھ اسفندیار ولی کے بیٹے ایمل ولی نے بھی افواہوں کی تردید کردی ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ایمل ولی خان نے لکھا کہ ’’الحمدللہ ! بابا جان ٹھیک ہیں، براہ مہربانی خود کو غلط خبریں پھیلانے سے روکیں‘‘۔

جبکہ سینئر صحافی سلیم صافی نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’کچھ ظالم اور بے حس لوگوں نے اسفندیار ولی خان صاحب کی زندگی سے متعلق سفاکیت کا مظاہرہ کیا ہے جو سراسر جھوٹ ہے۔ الحمدللہ وہ بالکل خیریت سے اور سلامت ہیں‘‘۔ واضح رہے کہ کچھ دیر سے سوشل میڈیا پر عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی کے انتقال کی افواہیں گردش کررہی تھیں، جن کی تردید کی گئی ہے ۔

FOLLOW US