Saturday May 18, 2024

سینٹ الیکشن میں خریدوفروخت کے موقع پر اسپیکر اسد قیصر اور پرویز خٹک بھی موجود تھے۔۔سابق رُکن اسمبلی نے بڑا دعویٰ کردیا

پشاور : خیبر پختونخوا اسمبلی کے سابق ایم پی اے زاہد درانی نے انکشاف کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن کی خرید و فروخت کے موقع پر بننے والی ویڈیو کے دوران اس وقت کے اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم پی ایز کو پیسے دینے کی ویڈیو ڈھائی سال پرانی ہے جس کو اب ریلیز کیا گیا ، اس دوران اسپیکر اور وزیر اعلیٰ کے پی بھی موجود تھے ، کھلم کھلا بات چل رہی تھی کہ فلانے سینیٹر کو کامیاب کرانا ہے۔

سابق ایم پی اے نے کہا کہ اس موقع پر اپوزیشن اور حکومتی ارکان بھی اس وقت وہاں موجود تھے اور سننے میں آیا منظور آفریدی سے تقریباً پچاس ساٹھ کروڑ کی ڈیل ہوئی ، سینیٹ الیکشن کیلئے ڈیل ٹھیک ٹھاک ہوئی تھی ، پچانوے فیصد ارکان اسمبلی آجار ہے تھے۔ اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 2018ء میں سینیٹ الیکشن کی خریدو فروخت کے حوالے سے مںظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھائی جانیوالی جگہ اسپیکر ہاؤس پشاور نہیں ہے اور نہ ہی میرا اس معاملے سے کوئی لینا دینا ہے ، اس طرح کے بیانات صرف معاملے سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں سابق اسپیکر خیبرپختونخواۃ اسمبلی نے کہا کہ 2018ء میں پارٹی چئیرمین عمران خان نے بتایا کہ اس طرح کا لین دین ہوا ہے اور ساری پارٹی کا فیصلہ تھا کہ ان ممبران کے خلاف کاروائی کی جائے۔

یہاں واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں ارکان اسمبلی کو خریدنے سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے آ گئے ہیں ، جن کے مطابق سال 2018ء کے سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی ارکان کو بلا کر نوٹوں کے انبار لگا کر خریدا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے سینیٹ انتخابات 2021اوپن بیلٹ سے کرانے کی تجویز دی جس کی اپوزیشن نے مخالفت کی تاہم سینیٹ انتخابات میں منڈی کیسے لگتی ہے اس حوالے سے 2018 کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ سال 2018ء میں پی ٹی آئی کے 10 ارکان اسمبلی کو خریدنے سے متعلق بھی ویڈیو سامنے آئی ، ویڈیو میں اراکین اسمبلی کو نوٹ گنتے اور بیگ میں ڈالتے دیکھا جا سکتا ہے یہ خرید و فروخت 20 فروری 2018ء سے دو مارچ کے دوران کی گئی تاہم بعد ازاں پی ٹی آئی نے تحقیقات کے بعد ووٹ بیچنے والے 20 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔

FOLLOW US