Monday May 6, 2024

کورونا وائرس پھر سے زور پکڑنے لگا لاہور کے 6 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا

لاہور : صوبائی دارالحکومت لاہور کے چھ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے چھ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا، ان چھ علاقوں میں بیدیاں روڈ، ڈیفنس فیز3 اور5 کی گلیاں شامل ہیں۔ جبکہ فیصل ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن اور مناواں میں بھی گلیاں سیل ہوں گی۔ لاک ڈاؤن علاقوں میں مارکیٹس، دفاتر اور ریسٹورنٹ بند رہیں گے۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائے گا۔ خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔

گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 40 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے ایک ہزار 8 نئے کیسز سامنے آئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 66 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 56 ہزار 519 ہو گئی ہے۔کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 4 ہزار 919 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ لاہور کے چھ علاقوں میں ایک مرتبہ پھر سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران مثبت کیسزمیں نمایاں کمی ہوئی اور شرح تین اعشار نو فیصد ہوگئی ہے۔ صورتحال 10 نومبر سے قبل کے حالات کی جانب واپس آ گئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جائے گا۔

FOLLOW US