Sunday May 19, 2024

دنیا کو تسلیم کرلینا چاہیے بھارت ایک غیر ذمہ دار جوہری ملک ہے، ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑا رہے گا ، کشمیری بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑا رہے گا ،بھارت عالمی برداری سے کئے وعدؤں سے پیچھے ہٹ رہا ہے، دنیا کو تسلیم کرلینا چاہئے بھارت ایک غیر ذمہ دار جوہری ملک ہے، کشمیری بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیر عوام کے جذبات کو دبانے کے لیے تمام حربے استعمال کررہا ہے جو ان کے بنیادی حقوق کی حق تلفی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں اس کا ساتھ دے اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر مسلسل احساس دلاتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں باور کرایا کہ وہ مقبوضہ وادی میں استصواب رائے کرائے اور انہیں انصاف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی اس سوچ کو مسترد کردیا ہے جس میں وہ مسئلہ کشمیر کو محض ریاستی تنازع سمجھتے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت وادی میں آبادی کا تناسب بڑھا رہا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں ایسے روکنا ہوگا اور کشمیری عوام کی نفسیاتی، سماجی اور معاشرتی جدوجہد میں ان کا ساتھ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن نئی دہلی نے جارحانہ رویہ اختیار کیا اور پلوامہ واقعے کے بعد سرحد پار حملہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ بھارت ایک غیر ذمہ دار جوہری ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلے جوہری دھماکے کئے، پاکستان نے نہیں ،بھارت نے محدود پیمانے پرجوہری لڑائی شروع کرنے کی کوشش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے انتخابات میں کامیابی کیلئے پاکستان پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت میڈیا اور عالمی مبصرین کو وادی میں جانے کی اجازت نہیں دیتا اور اپنے مفاد کیلئے انٹرنیٹ سروس بھی معطل رکھتا ہے۔

FOLLOW US