Tuesday January 21, 2025

وزیر اعظم نے اسپیکر پرویزالٰہی کی اسمبلی کی نئی عمارت کے افتتاح کی دعوت قبول کرلی

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی اسمبلی کی نئی عمارت کے افتتاح کی دعوت قبول کرلی، وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی تیمار داری کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی ، وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ طارق بشیر چیمہ اور ایم این اے چوہدری مونس الہی کی ملاقات ہوئی ، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر تعلیم شفقت محمود بھی موجود تھے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے چوہدری شجاعت حسین کی تیمار داری کے لیے انکی رہائشگاہ پر تشریف لانے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے چوہدری شجاعت حسین کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیر اعظم کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے افتتاح کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کی دعوت قبول کرلی ہے۔

FOLLOW US