Sunday January 19, 2025

ملتان میں کم عمر ڈرائیور کی ایک اور ویڈیو وائرل

ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں کم عمر ڈرائیور فہد کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اے آر وائی نیوز کی پورٹ کے مطابق ملتان میں کم عمر ڈرائیور فہد نے گاڑی چلاتے ہوئے ٹک ٹاک ویڈیو بنوائی، ٹک ٹاک میں نظر آنے والی گاڑی پر ایم پی اے کی پلیٹ بھی لگی ہوئی ہے۔ چند روز قبل کم عمر ڈرائیور فہد کے والد نے آئندہ گاڑی نہ دینے کا اقرار نامہ جمع کروایا تھا۔ بعدازاں کمسن ڈرائیور فہد خان اور والد مظہر عبا س نے ویڈیو کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی او ملتان کو اقرار نامہ جمع کرانے کے بعد بچے نے گاڑی نہیں چلائی۔

والد مظہر عباس کا کہنا تھا کہ اقرار نامے کے ساتھ بیٹے نے بھی آئندہ گاڑی نہ چلانے کا وعدہ کیا تھا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نئی نہیں پرانی ہے۔
کمسن ڈرائیور کا کہنا تھا کہ جب سے انکل سی ٹی او نے کہا ہے تب سے گاڑی نہیں چلائی، ویڈیو پرانی ہے، بچے کے والد مظہر عباس کا کہنا ہے کہ گاڑی چلانے سے بچے کو شہرت ملی، جس کے پاس جو ویڈیو ہے وہ شیئر کررہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں 5 سالہ بچے کی لینڈ کروزر چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، لینڈ کروزر چلانے والا 5 سالہ بچہ والدین کے ساتھ تھانے میں پیش ہواتھا، پولیس نے گاڑی ضبط کرلی تھی۔ بچے کے والد مظہر عباس نے پولیس کو بتایا کہ ان کا 5 سال کا بیٹا فہد ان کی غیر موجودگی میں گاڑی لے کر نکل گیا تھا۔ فہد کے والد نے ازخود پیش ہوکر سی ٹی او ملتان کو اپنا بیان قلمبند کرایا، بیان حلفی میں والد نے یقین دہانی کروائی کہ بچہ آئندہ گاڑی نہیں چلائے گا۔

FOLLOW US