Sunday January 19, 2025

نوازشریف ، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے جیل جانے کی پیشگوئی

نوشہرہ : وزیردفاع نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف ، سابق صدر آصف علی زرداری اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ فضل الرحمان کے جیل جانے کی پیش گوئی کردی ، پرویز خٹک کہتے ہیں کہ مجھے نظرآرہا ہے کہ نوازشریف ، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان سمیت سب جیل جانے والے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اختلافات کی وجہ سے پی ڈی ایم کا اتحاد اور اپوزیشن کی تحریک ختم ہوچکی ہے ، یہ لوگ نہ استعفے دیں گے اور نہ ہی سڑکوں پر نکلیں گے ، اس وجہ سے حکومت کو ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے ، کیوں کہ پی ڈی ایم کے ساتھ عوام ہے ہی نہیں تو اس صورتحال میں ہمارے لیے کیسا خطرہ ہوسکتا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ نظرآرہا ہے اپوزیشن والے آئندہ سیاست میں نہیں ہوں گے ، نوازشریف اور آصف زرداری سمیت ان کے پارٹی کے لوگ بہت جلد اپنی چوری میں پکڑے جائیں گے جب کہ مولانا فضل الرحمان بھی اپنی جائیداد کاحساب نہیں دے سکتے۔ قبل ازیں وزیر دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ میں کارکنان سے خطاب کے دوران دیے گئے اپنے بیان پر وضاحت جاری کردی ، انہوں نے کہا ہے کہ ہماری کامیابی کی وجہ عمران خان ہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ میں نے اپنے خطاب میں یہ واضح کیا تھا کہ میں عمران خان سے مخلص اور ان کا ممنون ہوں ، ہماری حلقے میں کامیابی مستقل طور پر ہماری کاوشوں اور عمران خان کے تعاون کی وجہ سے ہے ، ہم الیکشن میں ہمارے مخالفین کے خلاف اکٹھا ہونے والی تمام جماعتوں کو شکست دیں گے۔

FOLLOW US