Monday May 6, 2024

بختاور بھٹوزرداری کا حق مہر کتنا مقرر کیا گیا؟ نکاح پڑھانے والی شخصیت الحاج غلام محمد سوہو عرف سائیں بابا کون ہیں؟

کراچی (ویب ڈیسک )گزشتہ روز سابق صدر اور بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری محمود چوہدری کيساتھ رشتہ ازدواج ميں منسلک ہوگئی تھیں۔بختاور بھٹو کا نکاح معروف عالم الحاج غلام محمد سوہو عرف سائیں بابا نے پڑھایا اور نوبیاہتا جوڑے کے لئے خصوصی دعا کی۔علامہ حافظ غلام محمد سوہو قادری کا روحانی حلقہ اثر انتہائی وسیع ہے اور انہوں نے سینکڑوں ہندو خاندانوں کو دائرہ اسلام میں شامل کیا ہے جو ان کی وجہ شہرت بھی ہے۔علامہ حافظ غلام محمد سوہو آستانہ عالیہ قادریہ محمودیہ غلام محمد آباد ستیانی شریف سندھ سے وابستہ ہیں اور ملک کے طول عرض میں ان کے لاکھوں عقیدت مند ہیں ۔

وہ جماعت قادریہ محمودیہ انٹر نیشنل پاکستان کے روحانی پیشوا بھی ہیں ۔بختاور بھٹو کے حق مہر میں 132 تولہ چاندی مقرر کی گئی جس کی قیمت صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی کے نرخ 1300 روپے جبکہ 10 گرام 1114.54 روپے ہے۔اس حساب سے پاکستانی روپے میں 132 تولہ کی قیمت ایک لاکھ 71 ہزار 600 روپے بنتی ہے ۔نکاح کے موقع پر بختاور بھٹو گولڈن عروسی لباس اور محمود چوہدری آف وائٹ شيروانی ميں توجہ کا مرکز تھے، تقریب میں دونوں خاندان کے افراد نے شرکت کی۔نکاح کی تقریب میں ن لیگ سمیت مختلف جماعتوں کی اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔بلاول بھٹوزرداری نے اپنی بہن کو قرآن کے سائے میں رخصت تھا۔سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کا ولیمہ 30 جنوری کو ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہن بختاور کے نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میری بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی ایک طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں کا لمحہ ہے، مجھے ایسا لگا کہ مسرت کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں، میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ نئی زندگی کی ابتداء کی مبارک باد ہو- ماشاءاللہ !بختاور کی محمود چودھری سے منگنی گزشتہ برس نومبر میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر کراچی بلاول ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں دونوں گھرانوں کے افراد کے علاوہ بااثر سیاسی و کاروباری شخصیات نے شرکت کی تھی۔

FOLLOW US