Sunday January 19, 2025

سیشن کورٹ میں لیاری گینگ وارکے سرغنہ عذیربلوچ عدم شواہد پر مزید دو کیسز میں بری

کراچی: کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے لیاری گینگ وارکے سرغنہ عذیربلوچ کو عدم شواہد پر مزید دو کیسز میں بری کردیا ہے. عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیربلوچ کے خلاف قتل کے دو مقدمات میں بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا اور کہا کہ عذیر بلوچ کسی اور کیس میں نامزد نہ ہو تو فوری رہا کیا جائے عدالت نے عدم شواہد پر دونوں مقدمات میں عزیر بلوچ کو بری کرنے کا حکم دیا. ادھرکراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کے خلاف تین مقدمات میں حتمی دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیاگیا ہے.

لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ و دیگر کے خلاف5 مقدمات کی سماعت ہوئی جن میں سے عدالت نے3 مقدمات میں حتمی دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جسے اب 26 فروری کو سنایا جائے گا. پولیس کے مطابق عذیر بلوچ کے خلاف تھانہ بغدادی اور کلاکوٹ میں مقدمات درج تھے، عذیر اب تک 8 مختلف مقدمات میں بری ہوچکا ہے جبکہ اس کے خلاف مزید 60 مختلف کیسز زیر سماعت ہیں. واضح رہے کہ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کے خلاف دیگر تین مقدمات میں حتمی دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے جو 26 فروری کو سنایا جائے گا عدالت نے دیگر 2 مقدمات میں 2 گواہوں کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے، ملزمان پر تھانے، پولیس موبائل پر حملے، پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا الزام ہے.

FOLLOW US