Sunday January 19, 2025

ملتان میں لینڈ کروزر چلانے والے 5 سالہ بچے کے والد کو ایک ہزار روپے جُرمانہ کر دیا گیا

ملتان : ملتان میں لینڈ کروزر چلانے والے 5 سالہ بچے کے والد کو پولیس نے ایک ہزار روپیہ جُرمانہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بچہ اپنے والد کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچا۔ جس پر ٹریفک پولیس نے کارروائی کرکے گاڑی کو قبضے میں لے لیا ، جب کہ بچے کے والد نے سی ٹی او ملتان کو بیان حلفی جمع کروایا جس میں 5 سالہ بچے کے والد نے پولیس کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ بچہ آئندہ گاڑی نہیں چلائے گا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سوشل میڈیا پر ایک لینڈ کروزر کی ویڈیو وائرل ہوئی ،

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کی وجہ یہ تھی کہ اسے 5 سالہ بچہ ملتان کی مصروف ترین شاہراہ پر چلا رہا تھا۔ویڈیو اپ لوڈ ہوتے ہی جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کو زیادہ سے زیادہ شئیر کرتے ہوئے حیرانی کا بھی ظاہر کیا کہ کیسے ایک پانچ سالہ بچہ اتنی بڑی گاڑی چلا سکتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک کم سن بچہ ملتان شہر کی اہم شاہرہ پر بلا خوف وخطر گاڑی چلا رہا ہے، تاہم راستے میں متعدد ٹریفک وارڈنز کے ناکوں اور پولیس کی موجودگی کے باوجود بچے کو نہیں روکا گیا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ترجمان ٹریفک پولیس نے میٹرو روٹ پر لگے کیمروں سے گاڑی کی شناخت کا آغاز کیا ۔ گذشتہ روز اپنے بیان میں ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے گاڑی کا نمبر اور مالک کی شناخت ہو گئی ہے ۔ جس پر گاڑی کے مالک اور کم عمر ڈرائیو کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم پولیس بچے اور اس کے والدین کی شناخت کرنے اور ان کا کھوج لگانے میں ناکام رہی تھی۔ تاہم گذشتہ رات ہی بچہ اپنے والد کے ہمراہ تھانے پہنچا جہاں پولیس نے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد دونوں کو جانے کی اجازت دے دی۔

FOLLOW US