Wednesday May 8, 2024

وفاقی حکومت کا 70 ہزار خالی سرکاری آسامیاں اور 114 اداروں کو ضم اور ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت نے 70 ہزار سرکاری خالی آسامیاں جب کہ 117 ادارے ختم اور ضم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزارتوں اور ڈویژنوں میں گریڈ ایک تا 16 کی 70 ہزار خالی آسامیاں ختم کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی حکومت کے 117 ادارے ختم اور ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس فیصلے کے بعد وفاقی حکومت کے اداروں کی تعداد 441 سے کم کرکے 324 کی جارہی ہے۔ فیصلے میں وفاقی اداروں کی اقسام 14 سے کم کرکے ایگزیکٹو ڈیپارٹمنٹ، خود مختار

اداروں اور قانونی اداروں پر مشتمل 3مختلف کٹیگریز کردی گئی ہیں۔ملازمین کے بنیادی پے اسکیلز، تنخواہوں و مراعات کے بارے میں بھی پے اینڈ پنشن کمیشن فروری 2021 میں رپورٹ پیش کرے گا۔ ایف بی آر،ایس ای سی پی،اسٹیٹ بینک ،پی آئی اے،سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ریلویز میں گورننس کی بہتری کیلئے متعلقہ وزارتوں سے مل کر اصلاحات لانے کیلئے بھی کام کیا جارہا ہے۔حکومت کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے کفایت شعاری و تنظیم نو نے پیش رفت کی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ ٹاسک فورس برائے کفایت شعاری و تنظیم نو کی رپورٹ آج 26 جنوری کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش ہوگی۔ جس کے مطابق ای گورننس کے لئے روڈ میپ کی پہلے ہی منظوری دی جاچکی ہے اوروزارتوں و اداروں کی ویب سائیٹس کو تھری جی ورژن میں اپ گریڈ کردیا گیا ہے جبکہ ویب پورٹلز کی تیاری پر کام جاری ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جلد ویب پورٹلز لانچ کردیئے جائیں گے، تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں ای گورننس اور ویب پورٹلز لانچ کرنے کا کام ایڈوانس مرحلے پر ہے۔ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ رواں ماہ کے آخر تک کام مکمل کرلے گا۔

FOLLOW US