کراچی : سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق بختاور بھٹو زرداری کو اُن کے والد آصف علی زرداری تحفے میں نیا گھر دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری اپنی صاحبزادی بختاور بھٹو کو شادی کے موقع پر نئے گھر کا تحفہ دیں گے۔ آصف علی زرداری کی جانب سے تحفے میں دیا جانے والا نیا گھر بلاول ہاؤس کے احاطے میں تعمیر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کی رہائش گاہ والا حصہ بلاول کے لئے مختص کردیا گیا ہے،
اس گھر میں آصفہ بھٹو، بختاور بھٹو والا حصہ بھی بلاول کو دے دیا گیا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے ان کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کے لیے بھی نیا پورشن تعمیر کیا جارہا ہے جس کی تکمیل آخری مراحل میں ہے۔ خیال رہے کہ بلاول ہاؤس میں بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ بختاور بھٹو زرداری کی مہندی کی سادہ تقریب 27 جنوری کو ہوگی اور 29 جنوری کو نکاح کی تقریب کا انعقاد ہو گا۔ ترجمان بلاول ہاؤس کے اعلان کے مطابق بختاور بھٹو زرداری کی بارات کی تقریب 30 جنوری کو منعقد کی جائے گی۔ ترجمان بلاول ہاؤس نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں تین سو سے بھی کم مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
شادی میں شرکت کے لیے ملک کے اہم سیاسی رہنما، فوجی، سول اور جوڈیشل سربراہان کو بھی دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنی بہن بختاور کی شادی پر ایک ہفتے کے لیے سیاسی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس 27 نومبر کو سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی منگنی محمود چودھری کے ساتھ ہوئی تھی