Tuesday April 30, 2024

پاکستان تحریک انصاف کا جمیعت علمائے اسلام (ف) کے خلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے خلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی فرخ حبیب نے درخواست تیار کی جس کے بعد کیس الیکشن کمیشن میں دائر کر دیا گیا ۔ درخواست میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سابق رہنما حافظ حسین احمد کےٹی وی انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ شامل کیا گیا اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ حافظ حسین احمد نے لیبیا اور عراق سے فنڈنگ لینے کا اعتراف کیا۔
مولانافضل الرحمان سمیت کئی رہنما دونوں ممالک کا متواتر دورہ کرتے تھے۔

حافظ حسین احمد کے مطابق معمر قذافی اور صدام حسین سے ملنے والی امداد کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔ درخواست متن کے مطابق مولانا شیرانی نے پارٹی کی مجلس شوریٰ میں معاملے اٹھایا لیکن کوئی جواب نہ ملا۔ یاد رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سابق رہنما حافظ حسین احمد نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے لیبیا کے کرنل معمر قذافی اور عراق کے صدام حسین سے بھرپور امداد حاصل کی تھی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ جے یو آئی (ف) کو لیبیا اور عراق کی جانب سے جو فنڈنگ ہوئی ہے اس کا حساب لیا جانا چاہئیے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے ایک کیس وزیر اعظم عمران خان کے خلاف بھی الیکشن کمیشن کے پاس موجود ہے ۔ گذشتہ دنوں 19 جنوری کو حکومت مخالف تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج بھی کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ اس کیس پر سماعت کی جائے اور جلد از جلد اس کا فیصلہ کیا جائے۔ پی ٹی آئی نے چھ سال سے اس کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے، اب الیکشن کمیشن اس کا فیصلہ سُنا دے۔

FOLLOW US