Saturday May 18, 2024

تحریک انصاف کے ہم خیال گروپ کا سینیٹ الیکشن میں اپنا امیدوار لانے کا عندیہ

لاہور : حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ہم خیال گروپ نے سینیٹ الیکشن میں اپنا امیدوار لانے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کے ہم خیال گروپ کے رکن خواجہ داود سلیمانی نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم ناصرف استعفے دیں گے ، جو کہ ہمارا متفقہ فیصلہ ہوگا ، اس کے علاوہ سینیٹ الیکشن میں ہم اپنا امیداور بھی لائیں گے تاہم ہماری طرف سے اپنی جماعت سے دھوکہ نہیں کیا جائے گا ، اسی لیے ہم کسی اور جماعت سے بھی اتحاد نہیں کریں گے۔

یہاں واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وسیم اکرم پلس وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے اختلافات مزید شدت اختیار کر گئے ہیں جس کے بعد پی ٹی آئی کے ناراض اراکین نے مستعفی ہونے کی دھمکی بھی دے دی ہے ، تفصیلات کے مطابق اس ضمن میں پی ٹی آئی کے ناراض اراکین نے کہا کہ ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے جا رہے، ہم سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔ ناراض اراکین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہم سے جو وعدے کیے تھے تاحال اُن وعدوں پر عمل نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اپنوں کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دے رہے ، اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو تمام ناراض اراکین کا گروپ پنجاب اسمبلی میں اپنی نشستوں سے استعفے دے دے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم سب جلد اپنی میٹنگ طلب کر کے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ، ناراض پی ٹی آئی رہنماؤں میں شہاب الدین، ملک غضنفر چھینہ، تیمورلالی، مامون تارڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجازخان، گلریز افضل چن، غضنفرعباس، خواجہ داؤد بندیشہ، محی الدین کھوسہ اور عامر عنایت شہانی سمیت دیگر شامل ہیں۔

FOLLOW US