Sunday January 19, 2025

موبائل پر گیم کھیلنے سے منع کیوں کیا۔۔15 سالہ بچے نے بڑے بھائی اور بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا،ماں شدید زخمی

راولپنڈی : ضلع راولپنڈی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 15 سالہ لڑکے نے فائرنگ کر کے اپنے سگے بہن اور بھائی کو قتل کردیا، جبکہ فائرنگ سے اس کی ماں بھی زخمی ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ مندرہ کی حدود میں گزشتہ رات 15 سالہ احسن زیب نے فائرنگ کر کے 24 سالہ بھائی حسن زیب اور 18 سالہ بہن اسما اورنگزیب کو قتل کردیا ۔ مقتولین کی لاشیں صبح برآمد ہوئی ہیں جبکہ زخمی ماں کی شناخت نسرین بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم احسن زیب نے سگے بھائی اور بہن کو جھگڑے کے بعد فائرنگ کر کے قتل جبکہ والدہ کو زخمی کیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ جبکہ ملزم کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ ملزم واقعے کے بعد سے فرار ہے۔ زخمی ماں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دونوں لاشیں بھی پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلیے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ملزم احسن زیب گیمز کھیلنے کا بہت شوقین تھا، جبکہ اس کے بھائی بہن اور گھر والے اس کے مخالف تھے اور اسے پڑھائی پر توجہ دینے کے لیے زور دیتے تھے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اقدام قتل کی نشاندہی نہیں کی ہے۔ ایس ایچ او مندرہ یاسر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ ملزم نویں جماعت کا طالب علم ہے، اور اس نے یہ جرم گھریلو تنازع کے باعث کیا ہے۔ تاہم معاملے کی تحقیقات کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔

FOLLOW US