Friday May 3, 2024

عثمان بزدار کا نام بدبودار خان ہونا چاہیے لاہور کی جو اس وقت حالت ہے اس کے ذمہ دار وزیراعلیٰ بزدار ہیں،حنا پرویز بٹ

لاہور : اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت لاہور میں کوڑے اور کچرے کے جو حالات ہیں اس نے لاہور کے حسن کو تو گہنایا ہی ہے تاہم پنجاب حکومت کی بدنامی کا باعث بھی بن رہا ہے۔شہباز شریف کے دور میں ترک کمپنیوں کے ساتھ کوڑا اٹھانے کے بعد سے لاہور کی سڑکیں اور گلی محلے اس طرح سے صاف ستھرے ہوتے تھے کہ کہیں بدبو یا گندگی کے ڈھیر کا نام و نشان ہی نہیں ہوتا تھا۔ حالانکہ لاہور میں سب سے بڑا چیلنج عید قربان کے موقعہ پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانا ہوتا ہے تاہم شہباز شریف کے دور میں وہ کام بھی بخوبی و احسن طریقے سے انجام پاتا رہا۔

مگر اب ایک طرف تو مینجمنٹ کے مسئلے اور دوسری طرف موجودہ ٹھیکیدار کمپنی کے ساتھ کنٹریکٹ ختم ہونے کی وجہ سے ٹاﺅن انتظامیہ نے کام کرنے سے انکار کر دیا ہے لہٰذا گلی محلوں کا کوڑا اب سڑک کنارے یا کسی چوک چوراہے میں پڑا نظر آتا ہے جس کی بدبو اور گندگی کی وجہ سے لاہوریوں کے مزاج بھی تبدیل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ لاہور میں پھیلے اسی کوڑے اور گندگی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے ن لیگ کی خاتون راہنما حنا پرویز بٹ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کہا کہ لاہور کا حال جو بنا دیا گیا ہے کہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں اور بدبو ہی محسوس ہوتی ہے تو ا س کے ذمہ دار موجودہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہیں۔لہٰذا گندگی پھیلانے کی وجہ سے ان کا نام بھی سردار عثمان بزدار کی بجائے بدبودار خان ہونا چاہیے۔ اس پر پروگرام کی اینکر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ نہیں وہ وزیراعلیٰ ہیں آپ کو ایسے نہیں کہنا چاہیے مگر حنا پرویز بٹ نے اپنے الفاظ دوہراتے ہوئے کہا کہ ایسا ہی کہنا چاہیے کیونکہ لاہور کا یہ حال بھی انہوں نے ہی کیا ہے اور ان سے سڑکوں کی گندگی اور کوڑا اٹھایا نہیں جا سکا۔ تاہم یاد رہے کہ گزشتہ وز وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کی سڑکوں پر پھیلے کوڑے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر اسلم اقبال پر ذمہ داری عائد کی ہے کہ وہ جلد از جلد لاہور کا کوڑا صاف کروائیں تاکہ لوگوں کی شکایات دور ہوں اور لاہور کا حسن بھی واپس آ جائے۔

FOLLOW US