Sunday May 19, 2024

پیٹرول کی قیمت میں6سے7 روپے فی لیٹر اضافہ کا امکان سمری وزیر اعظم کو ارسال کردی گئی

اسلام آباد : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج ایک مرتبہ پھر سے پٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی ساڑھے 10 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں چھ سے سات روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل سے متعلق سمری وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی گئی ہے جس پر اب سے کچھ دیر میں وزیراعظم فیصلہ کریں گے اور بعد ازاں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی جانے والی رد و بدل کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کو جزوی طور پر منظور کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز آنے والی خبروں کے مطابق 16 جنوری سے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ پٹرول 11 روپے 95 پیسے فی لیٹر تک منہگا ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی 9 روپے 57 پیسے فی لیٹر تک بڑھ سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 30 روپے فی لیٹر لیوی کے حساب سے کیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سفارشات پٹرولیم ڈویژن کو بھجوا دی ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔ تاہم بعد ازاں ترجمان اوگرا نے ان تمام خبروں کی تردید کر کے انہیں محض قیاس آرائیاں قرار دے دیا تھا۔ ترجمان اوگرا کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق خبریں قیاس آرائیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے یا رد و بدل سے متعلق پٹرولیم ڈویژن کو کوئی سمری ارسال نہیں کی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار ہے ۔ عالمی منڈی میں ایک ہفتے کے دوران قیمت 4 فیصد بڑھ گئی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 11 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ جس کے بعد پاکستان ميں پیٹروليم منصوعات کی قيمتوں ميں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے البتہ اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی اعلان یا فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

FOLLOW US