Friday May 17, 2024

سینیٹ انتخابات 10 فروری سے قبل نہیں ہو سکتے الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ سے متعلق واضح اعلان کردیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات سے قبل بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات 10 فروری سے پہلے نہیں ہو سکتے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ عام طور پر ایوان بالا کے انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں ہوتے رہے ہیں۔ سینیٹ کے نصف اراکین 11 مارچ 2021ء کو ریٹائر ہورہے ہیں۔ اس بار بھی الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق مناسب وقت پر انتخابات کی تاریخ جاری کرے گا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق سینیٹ انتخابات کا انعقاد ہماری آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے،

آئین اور قانون کی روشنی میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات سے قبل بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وقت سے قبل انتخابات نہیں کرواسکتے۔ سینیٹ الیکشن کاقانون موجود ہے، سینیٹ انتخابات قانون کےمطابق اپنے وقت پرہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس 30 دن ہوتے ہیں ، 11 مارچ کوسینیٹ کے نصف ارکان ریٹائرڈ ہو جائیں گے اور 12 مارچ کوچیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اورحلف ہونا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن11 فروری سے 11مارچ تک انتخابات کا اختیاررکھتا ہے، قبل ازوقت یا تاخیر سے انتخابات کی بات بے معنی ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات مارچ کے بجائے فروری میں کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا جس میں وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات ایک ماہ قبل شو آف ہینڈ سے کروانےکا فیصلہ کیا تھا ، وفاقی کابینہ کے اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ سینیٹ انتخابات مارچ کی بجائےفروری میں ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے سپریم کورٹ جانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

FOLLOW US