Friday May 17, 2024

پنجاب کے سیکنڈری سکول اساتذہ احتجاجی مظاہرہ کرنے بنی گالہ پہنچ گئے پولیس نےمتعدد احتجاجی اساتذہ کو حراست میں لے لیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پنجاب کے سیکنڈری سکول اساتذہ احتجاجی مظاہرہ کرنے بنی گالہ پہنچ گئے، پولیس نے متعدد اساتذہ کو حراست میں لے لیا، احتجاجی اساتذہ کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی، کنٹریکٹ اساتذہ کا مطالبہ ہے انہیں فوری مستقل کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سیکنڈری سکول اساتذہ مستقل ہونے کا مطالبہ لے کربنی گالہ پہنچ گئے۔ اساتذہ کو احتجاج شروع کرنے سے پہلے ہی پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ابھی مزید اساتذہ بھی احتجاج کیلئے پہنچ رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ احتجاج کرنے والے اساتذہ کا کہنا ہے کہ انہیں 2014ء میں تعینات کیا گیا تھا

لیکن تاحال انہیں مستقل نہیں جارہا ، اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ انہیں مستقل کیا جائے، تاہم آج جب اساتذہ احتجاجی مظاہرہ کرنے وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ پہنچے تو پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا، ابھی مزید اساتذہ تنظیموں کے عہدیدران اور اساتذہ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج جاری رکھیں گے۔پولیس نے بنی گالہ کی جانب جانے والی شاہراہ پرناکہ لگا رکھا ہے اور عام شہریوں کی تلاشی اور پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کے باعث اساتذہ کو خبردار کیا گیا تھا کہ احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، لیکن اس کے باوجود اساتذہ احتجاجی مظاہرہ کرنے پر بضد ہیں ۔ دوسری جانب پنجاب بھر میں کورونا کی وبا عروج پر ہے ، دوسری جانب محکمہ سکولز ایجوکیشن حکام نے اپنی توجہ کا رخ انسداد ڈینگی آگاہی مہم کی جانب موڑلیا ہے، تعلیمی حلقوں نے صوبائی محکمہ تعلیم اس انوکھے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے، تعلیمی ادارے کورونا کی وباء کے باعث بند ہیں جبکہ اساتذہ کوبندسکولوں میں جاکرروزانہ کی بنیادپر30,30 انسداد ڈینگی سرگرمیاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خواتین اساتذہ بھی شدید سردی،دھند اور کورونا کی وباء کے دوران روزانہ پچاس،پچاس کلومیٹر سفر کرکے بند سکولوں میں جاکرانسداد ڈینگی مہم سرگرمیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ محکمہ کے اعلی افسران کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرزپر بھی دباؤ بڑھایا گیا ہے کہ وہ انسدادڈینگی مہم میں بہترکارکردگی نا دکھانے والے سکول سربراہان،سکول اساتذہ اور متعلقہ اے،ای،اوز کیخلاف سخت کاروائی کریں جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور متعلقہ آفیسران کیخلاف پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

FOLLOW US