Sunday May 5, 2024

حکومت کی عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاریاں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین روپے فی لیٹر اضافے کا خدشہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے سبب پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹرتک اضافے کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ یکم دسمبر سے اب تک عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 5 فیصد تک بڑھ چکی ہیں۔ ریفائنری ذرائع کے اعداد و شمار کے مطابق اس طرح عالمی منڈی کے لحاظ سے اب تک پٹرول 6 روپے 88 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ 5 روپے 24 پیسے تک مہنگا ہوچکا ہے۔

ماہرین کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف دینے کے خاطر پٹرولیم لیوی میں کمی کرکے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے تک کا اضافہ کرسکتی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت پٹرولیم مصںوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان 15 دسمبر کو کرے گی جبکہ اس فیصلے کا اطلاق 16 دسمبر سے ہوگا۔ خیال رہے کہ حکومت نے یکم دسمبر سے سوائے ہائی اسپیڈ ڈیزل کے دیگر تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ حکومت نے پٹرول، مٹی کا تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کر دیا گیا تھا۔ جس کے تحت پٹرول کی فی لیٹر قیمت 100روپے69 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے 86 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 65 روپے 29 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 105روپے 43 پیسے فی لیٹرمقرر کی گئی تھی ، تاہم اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

FOLLOW US